پرتگال سے تعلق رکھنے والے دُنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے ارب پتی فٹ بالر بن گئے، ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین افراد کی مجموعی دولت کا حساب رکھنے والے بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس نے پہلی بار 40 سالہ پرتگالی اور سعودی کلب النصر کے اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کی دولت کا تخمینہ لگایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی مجموعی دولت 1 ارب 40 کروڑ ڈالرز ہے، جس میں ان کی کیریئر کی آمدنی، سرمایہ کاری اور اشتہاراتی معاہدے شامل ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق رونالڈو نے 2002ء اور 2023ء کے دوران 55 کروڑ ڈالرز تنخواہ کی مد میں کمائے، اس میں ڈیلز اور اسپانسر شپ کے ذریعے حاصل ہونے والی ان کی آمدنی بھی شامل ہے، جس میں نائکی (Nike) کے ساتھ ایک دہائی کا معاہدہ بھی شامل ہے جس کی مالیت سالانہ تقریباً 1.8 کروڑ ڈالرز ہے۔
رپورٹ کے مطابق جب رونالڈو نے 2022ء میں سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر جوائن کی تو وہ مبینہ طور پر دنیا کے سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے فٹبالر بن گئے، جن کی سالانہ تنخواہ 23 کروڑ 69 لاکھ ڈالرز ہے۔
ان کا ابتدائی معاہدہ جون 2025ء میں ختم ہونا تھا تاہم انہوں نے2 سال کا نیا معاہدہ سائن کر لیا جس کی مالیت مبینہ طور پر 40 کروڑ ڈالرز سے زائد ہے اور اب وہ اپنی 42 ویں سالگرہ کے بعد بھی کلب کے ساتھ رہیں گے۔