• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حکومت نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی

فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا
فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا

اسرائیلی حکومت نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ امن منصوبے کی منظوری کے لیے اسرائیلی حکومت کی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر نے بھی شرکت کی۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق حکومت نے غزہ میں قید تمام مغویوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی منظوری کے ساتھ ہی جنگ بندی اب مؤثر ہو گئی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق غزہ میں مشترکہ ٹاسک فورس کے تحت 200 اہلکار تعینات ہوں گے۔ غزہ کی مشترکہ فورس میں مصر اور قطر کے فوجی شامل ہوں گے، غزہ میں کوئی امریکی فوجی نہیں جائے گا۔

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ جنگ بندی کے بعد امن، سلامتی اور استحکام برقرار رہنے کی امید ہے۔ آج کا دن تاریخی ہے، غزہ اور مغربی کنارے میں خونریزی ختم ہوگئی۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا، غزہ امن منصوبہ سب کی حمایت سے طے پایا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس ہفتے کے آخر میں مشرق وسطیٰ روانہ ہوں گے،  یرغمالیوں کی رہائی پیر یا منگل تک متوقع ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید