فرانس کے مشرقی علاقے بِسی سور فلے (Bissy-sur-Fley) میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 60 سالہ خاتون برناڈیٹ ڈیل موٹ (Bernadette Delmotte) اپنی ہی گاڑی کے خودکار شیشے (Automatic Window) میں گلا پھنسنے کے باعث جان سے چلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق برناڈیٹ اپنی کار صاف کر رہی تھیں کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا، پولیس کے مطابق خاتون غالباً ہینڈ بریک لگانا بھول گئیں اور جب وہ کار کی کھڑکی کے اندر جھک کر بریک لگانے کی کوشش کر رہی تھیں تو ان کا ہاتھ غلطی سے ونڈو بٹن پر جا لگا، نتیجتاً شیشہ اوپر اٹھ گیا اور ان کا گلا شیشے میں پھنس گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق جب برناڈیٹ رات کے کھانے کے لیے نہ پہنچیں تو ان کے دوستوں کو تشویش ہوئی، وہ ان کے گھر پہنچے تو دیکھا کہ وہ گاڑی کے اندر مردہ حالت میں موجود ہیں اور ان کا گلہ شیشہ کے درمیان پھنسا ہوا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت دم گھٹنے (Asphyxiation) سے ہونے کی تصدیق کی گئی، جبکہ پولیس نے واقعے کو حادثہ قرار دے دیا۔
برناڈیٹ کا تعلق کانگو سے تھا اور وہ بیلجین نژاد تھیں اور تقریباً 10 سال قبل ریٹائرمنٹ کے بعد اس پرسکون جگہ آ کر آباد ہوئی تھیں۔