• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ذہنی صحت کے جدید علاج کیلئے 50 ملین پاؤنڈ کی سرکاری فنڈنگ کا اعلان

برطانوی حکومت نے ذہنی صحت کے شعبے میں مؤثر اور جدید علاج کے لیے 50 ملین پاؤنڈ کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے، جس سے ملک بھر میں ذہنی امراض سے متاثرہ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ اعلان عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر کیا گیا۔

نیا منصوبہ جسے مینٹل ہیلتھ گولز پروگرام کا نام دیا گیا ہے، اُن افراد کو تحقیق کے مرکز میں لائے گا جنہوں نے خود ذہنی مسائل کا سامنا کیا ہے، تاکہ تحقیق اور علاج کے طریقے حقیقی انسانی تجربات پر مبنی ہوں۔

یہ پروگرام برطانیہ کے 100 ارب پاؤنڈ مالیت کے لائف سائنسز سیکٹر میں صنعتی شراکت داریوں اور کلینیکل ٹرائلز کو فروغ دے گا، جو حکومت کے پلان فار چینج کا اہم حصہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ میں ہر چار میں سے ایک شخص ذہنی صحت کے کسی نہ کسی مسئلے میں مبتلا ہے، جبکہ ان مسائل سے برطانوی معیشت کو ہر سال تقریباً 300 ارب پاؤنڈ کا نقصان ہوتا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ 20 ہزار رضاکاروں پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا، جن کا ڈیٹا سائنسی تحقیق کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ ذہنی صحت اور حیاتیاتی عوامل کے تعلق کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

ایک نئی انڈسٹری الائنس ٹیم قائم کی جائے گی جو تحقیق اور کلینیکل ٹرائلز کے عمل کو تیز اور آسان بنائے گی۔ لیفڈ ایکسپیریئنس انڈسٹری پارٹنرشپ کے ذریعے ذہنی امراض کے شکار افراد کو تحقیقاتی ترجیحات طے کرنے میں براہِ راست کردار دیا جائے گا۔

وزیر سائنس لارڈ ویلنِس نے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل کو معاشرے کی حقیقت کے طور پر قبول نہیں کیا جانا چاہیے، جس طرح سائنس نے کینسر اور دل کے امراض کے علاج میں انقلاب برپا کیا ہے، ہمیں ذہنی صحت کے شعبے میں بھی اتنی ہی بلند سوچ اپنانی چاہیے۔ یہ فنڈنگ اسی مقصد کو آگے بڑھاتی ہے۔

وزیرِ صحت اسٹیفن کِنک نے کہا برطانیہ میں بہت سے لوگ ذہنی دباؤ اور مسائل سے دوچار ہیں، مگر یہ صورتحال تبدیل کی جا سکتی ہے۔ ہم ایک ایسا این ایچ ایس بنا رہے ہیں جو مستقبل کے تقاضوں پر پورا اترے۔ اسی لیے ہم ذہنی صحت کے لیے 50 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 8,500 نئے ذہنی صحت کے کارکن بھرتی کر رہی ہے، مزید تھراپی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں اور این ایچ ایس ایپ کے ذریعے ذہنی صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

صحت سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید