• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے اوساکا ایکسپو 2025ء میں 2 بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کر لیے

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

پاکستان نے جاپان کے صنعتی شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش ایکسپو 2025ء میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 بین الاقوامی ایوارڈز جیت لیے۔

پہلا ایوارڈ ایگزیبیشن کیٹیگری میں برانز ایوارڈ پاکستان پویلین کو دیا گیا، جو بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن (BIE) کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں پیش کیا گیا۔

یہ ایوارڈ پاکستان پویلین کے انچارج اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر نے وصول کیا۔

دوسرا اعزاز  ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ کی صورت میں دیا گیا، جو کہ عالمی ادارے ایگزیبیٹر آن لائن کی جانب سے ان ممالک کے پویلینز کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی تخلیقی سوچ، ڈیزائن اور ثقافتی نمائندگی میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہو، پاکستان کے پویلین کو اس شعبے میں خصوصی طور پر سراہا گیا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کے پویلین کے لیے صرف 53 مربع میٹر جگہ مختص تھی، مگر اس محدود رقبے میں بھی پاکستان نے ایسا شاہکار تخلیق کیا جسے اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد نے وزٹ کیا، جاپانی عوام اور بین الاقوامی وزیٹرز نے پاکستان کے فنِ تعمیر، ثقافتی تنوع اور نمائش کے ڈیزائن کو بے حد پسند کیا۔

اس موقع پر پاکستان پویلین کے انچارج محمد نصیر نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ہماری پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، اس کامیابی کا سہرا وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی قیادت، سیکریٹری تجارت جواد پال، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور تمام افسران و عملے کو جاتا ہے جنہوں نے انتھک محنت سے یہ سنگِ میل عبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ پویلین کے ڈیزائن اور تخلیقی پہلوؤں میں نور جہاں بلگرامی اور تھیم کمیٹی کا کردار انتہائی اہم رہا اور انہی کی رہنمائی اور تخلیقی سوچ نے پاکستان کے امیج کو ایک نئے زاویے سے دنیا کے سامنے پیش کیا۔

پاکستان کی یہ کامیابی ایکسپو 2025ء میں ملک کی شناخت کو نئی بلندیوں تک پہنچا چکی ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر تخلیقی وژن، قومی جذبہ اور ٹیم ورک یکجا ہوں تو پاکستان دنیا کے کسی بھی بڑے مقابلے میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید