• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ نے یونس خان کا نام سنا ہے؟ اگر آپ کاشمار کرکٹ کو چاہنے والوں میں ہوتا ہے تو پھر آپ بخوبی جانتے ہونگے کہ یونس خان کون ہے۔ ا گر آپ کو کرکٹ سے کسی قسم کا لگاؤ نہیں ہے تو پھر آپ سیکریٹری یونس خان کا نام لیں گے اور ان سے اپنی دیرینہ دوستی کا ذکر کریں گے۔ یا پھر آپ اپنے پرائمری اسکول کے اس کلاس ٹیچر کا نام بتائیں گے جو آپ کو پاکستان کی مستند تاریخ پڑھاتے تھے اور ان کا نام یونس خان تھا۔ یا پھر آپ اس پلمبر کا نام لینے سے بھی گریز نہیں کریں گے جو آپ کے اڑوس پڑوس کے بند پڑے ہوئے گٹروں کے ڈھکن کھولتا تھا اور اس کا نام بھی یونس خان تھا۔ ہوسکتا ہے کہ آپ مجھے اس یونس خان کا نام بتادیں جو جیل اور پولیس لاک اپ میں قیدیوں کو ٹارچر کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔

اس طرح توایک چھوڑ، ہزاروں یونس خان مل سکتے ہیں۔ ان میں کچھ یونس خان اچھے ہونگےکچھ یونس خان برے ہونگے۔ اس لئے میں نے واضح کردیا تھا کہ اگر آپ کا شمار کرکٹ کےچاہنے والوں میں ہوتا ہے تو پھر آپ بخوبی جانتے ہونگے کہ یونس خان کون ہے۔ اگر آپ کرکٹ سے کنارہ کشی کرتے ہیں اور کرکٹ کو برا بھلا کہتے ہیں تو پھر قطعی طور پر آپ نہیں جان سکتے کہ یونس خان کون ہے۔ آپ دسیوں ایروں غیروں، نتھو خیروںکو قطار میں لاکر کھڑا کردیں گے جن کا نام یونس خان ہوگا ۔ مگر میں کسی ایرے غیرے یونس خان کی بات نہیں کررہا۔ میں اس یونس خان کا ذکرکررہا ہوں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے دس ہزار سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ میں اس یونس خان کی بات کررہا ہوں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے چونتیس سنچریاں بنائی تھیں۔ چونتیس سنچریوںمیں سے ستائیس سنچریاں یونس خان نے دوسرے ممالک میں ٹیسٹ میچز کھیلتے ہوئے بنائی تھیں۔ اس طرح یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ہر ملک کیخلاف سنچری بنائی تھی۔

میں اس یونس خان کا ذکر کررہا ہوں جس نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے چھ ڈبل سنچریاں بنائی تھیں۔ یہ سنی سنائی باتیں نہیں ہیں یہ دستاویزی ریکارڈ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس موجود ہے مگر یہ الگ بات ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مائی باپ قطعی نہیں جانتے کہ یونس خان کون ہے۔ کرکٹ بورڈ کے کچھ مائی باپ یہ تک نہیں جانتے کہ یونس خان نام کا ایک کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کھیلا کرتا تھا۔ اس نے دنیا بھر میں کرکٹ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف ان کی سرزمین پر، ان کے خلاف سنچری بنائی ہوئی ہے۔ مگر یونس خان کے بارے میں کرکٹ بورڈ کے مائی باپ کچھ نہیں جانتے۔ وہ یونس خان پلمبر کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ یونس خان پلمبر کٹھور سے کٹھور بند پڑے ہوئے گٹروں کے ڈھکن کھول سکتا ہے۔ مگر ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کے بارے میں کرکٹ بورڈ کے مائی باپ کچھ نہیں جانتے۔ وہ یونس خان کے نام تک سے واقف نہیں ہیں یہی وجہ ہے مائی باپ یونس خان نام کے کسی شخص کو کرکٹ بورڈ کے قریب آنے نہیں دیتے۔

باوثوق ذرائع سے میں نے سنا ہے کہ کرکٹریونس خان روبصحت ہیں۔ تندرست ہیں۔ دنیا بھر میں جنٹل مین کہلوانے میں آتے ہیں۔عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ کرکٹ کی تکنیک اور ہنر سے واقف ہیں بلکہ وہ سالہا سال کھیلتے ہوئے کرکٹ کے ہنرپر عبور رکھتے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے مائی باپ چیدہ چیدہ عہدوں پر مامور چیدہ چیدہ افسران سے دگنی تگنی تنخواہ پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کرکٹ کاہنر، بنیادی اسلوب اور کاریگری سکھانے کے لئے کسی انگریز کو مامور کرتے ہیں۔ سنا ہے کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی انگریزی کے علاوہ دوسری کوئی زبان خاص طور پر اردو نہیں جانتے۔ قوم کرکٹ بورڈ کے مائی باپوں سے پوچھنا چاہتی ہے کہ آپ یونس خان جیسے منجھے ہوئے کھلاڑی کو کوچ کیوں نہیں رکھتے؟ وہ چیدہ چیدہ افسران کی تنخواہ سے دگنی تگنی تنخواہ آپ سے نہیں مانگیں گے۔

آپ کے پاس یوسف یوحنا یعنی محمد یوسف بورڈ کی ملازمت میں ہیں۔ کمال کے مکمل بیٹس مین رہ چکے ہیں۔ انگریزی بھی اچھی خاصی بول سکتے ہیں ان کوآپ تین چار سال کیلئے مستقل کوچ کیوں نہیں لگاتے؟ آپ یوسف سے کلرکوں والا کام کیوں لیتے ہیں؟

عاقب جاوید اور اظہر محموداچھے کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ مگر وہ ماجد خان جیسےکھلاڑیوں کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ ماجد خان اور میانداد اور ظہیر عباس جیسے ماہر کھلاڑیوں کو آپ کرکٹ کی تکنیک پر توسیعی لیکچر دینے کیلئے گاہے بہ گاہے کیوں مدعو نہیں کرتے؟ ان کے پاس کرکٹ کا مکمل ہنر اور علم ہے۔ مانا کہ وہ بوڑھے ہوچکے ہیں، مگر لیکچر دے سکتے ہیں۔ ان کے تکنیکی علم سے نوجوان کھلاڑیوں کو مستفید ہونے دیں۔

وسیم اکرم اور وقار یونس کا نام تو آپ نے سنا ہوگا، مائی باپ؟ دنیا میں ان دونوں کے ہنر کی داد دی جاتی ہے۔ آپ نے ان دونوں کو کھڈے لائن کیوں لگایا ہوا ہے؟

تازہ ترین