• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای ڈی کی اسامی، موثر پیمانہ نہیں، بڑی جامعات کے امیدوار دوڑ سے باہر ہونے کا امکان

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اہم اور طاقت ور عہدے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیلئے امیدواروں کی جانچ کا کام مکمل ہوگیا ہے تاہم موثر پیمانے کے بغیر صرف اسکورنگ کی بنیاد پر کی گئی جانچ میں ملک کی ٹاپ اور بڑی جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اہم عہدوں پر فائض امیدواروں کا ای ڈی کے عہدے کی دوڑ سے نکلنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے جبکہ چھوٹی اور غیر معروف جامعات کے امیدوار اسکورنگ کی بنیاد پر اس دوڑ میں اوپر آگئے ہیں جس کی وجہ سے ای ڈی کے انتخاب پر سوالات بھی اٹھ سکتے ہیں ۔ ای ڈی کی اسامی کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز آئندہ جمعہ کو لئے جانے کا امکان ہے۔ ای ڈی کی اسامی کے لئے 74 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس کی جانچ ایک کمیٹی سے کرائی گئی تاہم کمیٹی نے موثر پیمانے کے بغیر محض اسکورنگ کی بنیاد پر امیدواروں کی شیٹ تیار کی جس میں قابلیت کے 20 نمبر، لیڈر شپ ( فنانس، ایچ آر اور پرجیکٹ تکمیل کے 20 نمبر، تعلیمی شعبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے علم کے استعمال کے تجربے کے 30 نمبر جب کہ صنعت، معیشت، اور سماجی شعبے کے ساتھ سینئر مینجمنٹ کے تجربہ کے 30 نمبر رکھے گئے تھے۔ کمیٹی نے اسی بنیاد پر امیدواروں کی اسکورنگ کی تاہم اسکورنگ شیٹ پر امیدواروں کے نمبرز درج کرکے جملے (ریمارکس) بھی لکھ دیئے گئے بعض جملوں میں دستاویزی ثبوت جزوی فراہم کئے جانے، این او سی فراہم نہ کرنے اور مختلف خامیوں کا بھی زکر کیا گیا ہے تاہم انھیں نمبروں کی بنیاد پر اوپر رکھا گیا ہے۔ جنگ نے اپنے باخبر ذرائع سے ای ڈی کی اسامی کے لئے کچھ نمایاں امیدواروں کے نام بھی حاصل کرلئے ہیں جن میں جہاں بخت،زکریہ ذاکر، خالد محمود عراقی، محمد رضا چوہان، محمد علی شیخ، زاہد حسین کھنڈ، قیصر عباس، ظہور احمد بازئی، سیدہ ضیا بتول، محمد سلمان طاہر، ہما نوید بقائ، سید سہیل اصغر، مدد علی شاہ، محمد مظہر سعید، روبینہ فاروق، محمد طفیل، عطااللہ شاہ اور دیگر شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید