• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’بابا، مجھے وہ پسند ہے‘‘ پھر ہماری شادی ہوگئی، ملالہ یوسف زئی

کراچی (رفیق مانگٹ)ملالہ یوسفزئی کی رومانوی داستان، خفیہ ملاقاتوں سے شادی تک کا سفر، ملالہ کا کہنا ہے کہ والد سے کہا ’’بابا مجھے وہ پسند ہے‘‘، پھر ہماری شادی ہوگئی ، دو سال کی محبت کے بعد عاصر سے شادی کا فیصلہ کیا، ملالہ کے شوہر عاصر ملک پاکستان سپر لیگ کی ایک ٹیم کے ڈائریکٹر ہیں، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ شادی کروں گی، میں نے ہمیشہ شادی کو ایک ایسی رسم سمجھا جو عورتوں کو محدود کر دیتی ہے،انہوں نے اپنے تعلق کو راز میں رکھا اس خوف سے کہ اگر کوئی مداح یا فوٹوگرافر انہیں دیکھ لے تو پاکستان میں تنازع کھڑا ہو جائے گا، ملالہ اور ان کے شوہر عاصر کا انٹرویو، نجی زندگی کی جھلکیاں شیئر کیں ۔دنیا کی کم عمر ترین نوبل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کی عالمی وکیل، ملالہ یوسفزئی، اپنی نئی یادداشت ’’فائنڈنگ مائی وے‘‘ میں اپنی زندگی، محبت اور شادی کے سفر کی کہانی بیان کر رہی ہیں۔ پیپل میگزین کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ملالہ اور ان کے شوہر عاصر ملک نے اپنی نجی زندگی کی جھلکیاں شیئر کیں۔ملالہ اور عاصر کی پہلی ملاقات 2018 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہوئی، جہاں ملالہ فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ملالہ ہنستے ہوئے بتاتی ہیں، میری ٹائم لائن 2018 سے شروع ہوتی ہے، ان کی شاید 2019 سے۔پہلی ملاقات ایک عام سی گفتگو سے شروع ہوئی، جو جلد ہی روزانہ کے پیغامات اور فون کالز میں بدل گئی۔ چند مہینوں میں دونوں کے درمیان گہری سمجھ بوجھ پیدا ہو گئی۔میگزین لکھتا ہے کم عمر ترین نوبل امن انعام یافتہ، جو صرف 15 سال کی عمر میں طالبان کے قاتلانہ حملے سے بچنے کے بعد اپنے پہلے نام سے پوری دنیا میں جانی جاتی ہیں، ایک لمبے، خوبصورت کرکٹ مینیجر عاصر ملک سے محبت کر بیٹھی تھیں۔ لیکن انہوں نے اپنے رشتے کو راز میں رکھا اس خوف سے کہ اگر کوئی مداح یا فوٹوگرافر انہیں دیکھ لے تو پاکستان میں تنازع کھڑا ہو جائے گا، جہاں ایسی رومانوی کہانیاں سماجی طور پر قبول نہیں کی جاتیں۔ پھر 2019 کے موسم گرما میں، ملالہ نے اپنے والد ضیاء الدین سے بات کرنے کا فیصلہ کیا، جو واحد شخص تھے جن سے وہ کچھ بھی کہہ سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا"بابا، مجھے وہ پسند ہے"۔2021 میں، دو سال کی طویل فاصلاتی محبت کے بعد، ملالہ نے لیک پلاسڈ، نیویارک میں عاصر سے شادی کا فیصلہ کیا۔ 9 نومبر 2021 کو برمنگھم کے ونٹر بورن ہاؤس اینڈ گارڈن میں ملالہ اور عاصر کا نکاح ہوا۔ملالہ کا کہنا ہے کہ شادی نے انہیں بدل دیا۔ملالہ کہتی ہیں ہم اب بھی اسے اپنا ہنی مون فیزکہتے ہیں، حالانکہ چار سال ہو چکے ہیں۔دونوں نے مل کر’’ریسیس کیپیٹل‘‘ کے نام سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے۔عاصر، جو پاکستان سپر لیگ ٹیم ملتان سلطانز کے فرنچائز ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر ہیں، کہتے ہیں میں اگلے دس سال اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔ملالہ کہتی ہیں میں نے ہمیشہ شادی کو ایک ایسی رسم سمجھا جو عورتوں کو محدود کر دیتی ہے۔ مگر اب سمجھتی ہوں، اگر آپ کو صحیح شخص مل جائے جو آپ کے ساتھ برابر کا سفر طے کرے تو یہ زندگی کو اور خوبصورت بنا دیتا ہے۔ملالہ یوسفزئی اور عاصر ملک کی کہانی صرف محبت کی نہیں، بلکہ اعتماد، برابری اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی داستان ہے۔ان کی نئی کتاب’’فائنڈنگ مائی وے‘‘21 اکتوبر سے دنیا بھر میں دستیاب ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید