اسلام آباد (خبر نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نصر من اللہ بلوچ نے بحریہ ٹاؤن مبینہ منی لانڈرنگ مقدمات میں ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض ملک کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے ملک ریاض و دیگر اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور سمز بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔ گزشتہ روز بحریہ ٹاؤن کی رقم کو مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے کے مقدمات میں عدالت نے ملک ریاض اور علی ریاض ملک کے خلاف مذکورہ احکامات جاری کئے۔ یاد رہے کہ اسی سال اگست کے اوائل میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ایف آئی اے کے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے ہسپتال پر چھاپے کے دوران ایک ارب 12 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ہیں۔ ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کیخلاف اہم دستاویزات اور ناقابل تردید ثبوت وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حاصل کر لئے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کیلئے سفاری ہسپتال راولپنڈی کو بطور فرنٹ آفس استعمال کر رہا تھا۔