• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم ورلڈ لیگ کی اسلامو فوبیا کے خلاف کوششیں قابلِ تحسین ہیں، صدر زرداری

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

صدر آصف زرداری سے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے خادم الحرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

صدر زرداری نے ڈاکٹر العیسیٰ کی مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا۔ 

انھوں نے کہا مسلم ورلڈ لیگ کی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف کوششیں قابلِ تحسین ہیں، مسلم ورلڈ لیگ کی میزبانی میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس قابلِ تعریف اقدام ہے۔ 

صدر مملکت نے پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مجوزہ معاہدے کو صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے اہم قرار دیا۔ 

صدر زرداری نے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا امن کی ہر کوشش میں پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیرِنو یقینی بنانا چاہیے۔ 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، سعودی ولی عہد کے دورۂ پاکستان سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ 

انھوں نے کہا مسلم ورلڈ لیگ امتِ مسلمہ کے اتحاد،  مکالمے اور رواداری کے فروغ میں کردار ادا کر رہی ہے۔ 

اس موقع پر ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان سے دوستی کو مملکتِ سعودی عرب اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا سیاسی سفر قابلِ تحسین اور متاثرکن ہے۔ ڈاکٹرالعیسیٰ نے صدر زرداری کو محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی وراثت آگے بڑھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور تعلقات کا مظہر ہے۔

قومی خبریں سے مزید