تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو ناقص بلٹ پروف گاڑیاں دی گئیں، ناقص گاڑیاں وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہیں۔
پشاور سے اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ طلال چوہدری اور وزرا کو ان گاڑیوں میں سرحدی علاقوں کا دورہ کرانا چاہیے، وفاقی وزرا پرتعیش کمروں میں بیٹھ کر دہشت گردی پر بیان بازی نہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رکھا، یہ وفاق کی بھول ہے کہ دہشت گردی صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق ہوش کے ناخن لے اور خیبر پختونخوا کی عملی مدد کرے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قبائلی عمائدین اور افغانستان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔