پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی مداخلت سے پاکستانی باکسرز ایشین یوتھ گیمزمیں شرکت کے لیے منگل کوبحرین پہنچ گئے۔
ٹیم کو پیر کو بحرین پہنچنا تھا لیکن پی ایس بی کی جانب سے این او سی نہ دیے جانے پر ٹیم کا ایک دن ضائع ہوا اور پی بی ایف نے کھلاڑیوں کو کوچ کا ٹکٹ دوبارہ لے کر انہیں ایونٹ کے لیے روانہ کیا۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر ناصر تنگ نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے باکسنگ کھلاڑیوں کے ساتھ انتہائی ناروا رویہ اختیار کیا اور ایونٹ کے آخر دن تک ان کی روانگی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جس پر ہم نے پاکستان اولمپک کے صدر عارف سعید سے براہِ راست بات چیت کی اور انہوں نے وزیرِاعظم سیکریٹریٹ میں پیغام دیا، وزیرِاعظم نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے باکسنگ ٹیم کا مسئلہ حل کیا اور ٹیم کی روانگی ممکن ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ اگر پی ایس بی این او سی جاری کرتی تو ٹیم پیر کو بحرین پہنچ جاتی اور کھلاڑیوں کو ایک دن پریکٹس کے لیے مل جاتا لیکن پی ایس بی کی ہٹ دھرمی اور باکسرز کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی وجہ سے باکسر بہت مایوس تھے۔
ناصر تنگ نے کہا کہ ہم پی او اے کے صدر اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں جن کی مداخلت سے باکسرز کی گیمز میں شرکت کا مسئلہ حل ہوا، پاکستانی باکسر حذیفہ 50 کے جی میں جبکہ جیاد حسین 57 کے جی میں مقابلہ کریں گے، باکسرز کے ڈراز بدھ کو نکالے جائیں گے۔