آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل سے ایک مداح نے مصافحہ کرنے کے فوراً بعد بلند آواز میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگا دیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور شائقین کے درمیان دلچسپ بحث کا باعث بن گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے موجود ہے، پرتھ میں پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم دوسرے ون ڈے کی تیاریوں میں مصروف ہے، شبمن گل اس سیریز میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، وہ ایڈیلیڈ میں سیر کر رہے تھے کہ ایک مداح نے ان کے قریب آ کر مصافحہ کی خواہش ظاہر کی۔
شبمن گل نے ہاتھ بڑھایا، لیکن جیسے ہی دونوں نے ہاتھ ملائے مداح نے اچانک پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا، یہ غیر متوقع عمل دیکھ کر بھارتی کپتان لمحہ بھر کے لیے چونک گئے اور فوراً اپنا ہاتھ پیچھے کھینچ لیا اور کوئی ردِعمل دیے بغیر وہاں سے گزر گئے۔
واقعے کی ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں صارفین اسے ایشیا کپ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک سے انکار کے جواب یا ریوینج موومنٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
کئی صارفین نے اسے مزاحیہ انداز میں پاکستانی فین کی چالاک جوابی کارروائی قرار دیا، جب کہ بعض بھارتی مداحوں نے اسے غیر اخلاقی حرکت کہا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہ ملانے پر تنقید ہوئی تھی۔