• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کشمیر میں ہندو کو وزیراعلیٰ بنانے کی کوششوں میں مصرف ہے: شاہد مجید

شاہد مجید ایڈووکیٹ — تصویر: رپورٹر
شاہد مجید ایڈووکیٹ — تصویر: رپورٹر

جاپان میں مقیم معروف کشمیری و کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیری عوام پر ظلم کی انتہا کر دی ہے جبکہ مودی کشمیر میں ہندو کو وزیراعلیٰ بنانے کی کوششوں میں مصرف ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام نے نریندر مودی کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے۔گزشتہ سال انتخابی مرحلے میں مودی سرکار کے صرف 2 امیدوار کامیاب ہوئے تھے جس کا بدلہ وہ مزید قابض فورسز کو تعینات کر کے لے رہا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی میڈیا ذرائع سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فوج نے سری نگر پہنچ کر کشمیریوں پر ظلم ڈھانے، لوگوں کا قتل عام کرنے اور کشمیر پر زبردستی قبضہ کرنے کا آغاز کیا تھا اور یہ سلسلہ ابھی تک رکا نہیں ہے۔

شاہد مجید ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم آج بھی جاری ہے اس لیے اس دن کو کبھی بھی فراموش نہی کیا جاسکتا۔ اُس دن سے لے کر آج تک بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاء قائم کر رکھی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم کے خلاف وطن عزیز میں کشمیری بھائیوں اور حریت رہنمائوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے دنیا بھر میں کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور ہر منائیں گے۔ 

شاہد مجید ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام عرصہ دراز سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کرتے ہوئے اپنے حق خودارادیت کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد انشاء اللّٰہ ایک دن ضرور رنگ لائے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے ریاستی دہشت گردی اور دھوکہ دہی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا ظالمانہ اقدام کیا۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے احتجاج کا مطلب یہ ہے کہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ ٹوکیو میں 26اکتوبر بروز اتوار انڈیا ایمبیسی اور اقوام متحدہ کے دفاتر میں قرارداد جمع کروائی جائے گی جبکہ 27 اکتوبر کو ٹوکیو میں اقوام متحدہ اور انڈین سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید