متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں ای چالان کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ٹریفک انتظامات اور روڈ سیفٹی اقدامات کے بغیر الیکٹرانک چالان کا نفاذ کیا گیا ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ٹوٹی سڑکیں حادثات کا باعث بن رہی ہیں، غیرفعال ٹریفک سگنل، سڑک کے نشانات، زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سائن بورڈز کی کمی ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ناممکن ہے، ان حالات میں شہریوں پر ای چالان لگانا ناانصافی، قبل ازوقت اور نقصان دہ ہے۔
تحریک التوا میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک انفرا اسٹرکچر بہتر نہیں ہوتا الیکٹرانک چالان سسٹم کو معطل رکھا جائے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔
کراچی میں ای چالان سسٹم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹریفک خلاف ورزیاں اب جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی۔