جنوبی کوریا میں ایک خاتون آن لائن فراڈیے کے جال میں پھنس گئی، جس نے ان سے 500 ملین وون یعنی تقریباً ساڑھے 3 لاکھ امریکی ڈالرز ہتھیا لیے۔
جنوبی کوریا کی 50 سالہ خاتون یہ سمجھتی رہیں کہ وہ نیٹ فلکس ویب سیریز اسکوئیڈ گیم کے مشہور اداکار لی جونگ جے سے آن لائن رومانوی تعلق رکھتی ہیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک آن لائن فراڈیے کے جال میں پھنس چکی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی ٹیکنالوجی کی بدولت اب جعل سازوں نے اپنا طریقہ واردات اور بھی خطرناک بنا لیا ہے اور وہ ایسے سادہ لوح لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو ہر بات پر یقین کر لیتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے شہر میریانگ کی رہائشی خاتون جنہیں میڈیا پر ’اے‘ کے فرضی نام سے ظاہر کیا گیا ہے، ان سے ایک شخص نے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور خود کو اسکوئیڈ گیم کا مرکزی اداکار لی جونگ جے ظاہر کیا، اس نے اداکار کی اے آئی سے بنائی گئی تصاویر استعمال کرتے ہوئے خاتون کو قائل کیا کہ وہ واقعی اداکار سے بات کر رہی ہیں، دھوکے باز خاتون کے اتنے قریب ہو گیا کہ ان سے خطیر رقم مانگنے لگا۔
مذکورہ فراڈ شخص نے خاتون سے رابطہ کر کے کہا کہ میں اداکار لی جونگ جے ہوں اور میں اپنے مداحوں سے بات چیت کر رہا ہوں اسی لیے آپ سے رابطہ کیا ہے، جس کے بعد جب ان کے درمیان جان پہچان بڑھی تو وہ دونوں ایک میسجنگ ایپ پر گفتگو کرنے لگے، جہاں فراڈیا شخص خاتون کو ہنی اور سوئٹی کہہ کر مخاطب کرتا تھا، یہ الفاظ سن کر خاتون کو لگا کہ واقعی اداکار ان میں دلچسپی رکھتا ہے اور جب اس جھوٹے اداکار نے خاتون سے رقم مانگنی شروع کی تو وہ بغیر ہچکچاہٹ کے اسے رقم بھیجنے لگیں۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ فراڈیے نے مجھ سے کہا کہ جیسے ہی وہ کوریا واپس آئے گا تو وہ رقم واپس کر دے گا، میں نے اس کی اس بات پر یقین کر لیا اور اس وقت تک میں 500 ملین وون اسے بھیج چکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جعلی اداکار نے پیسوں کی ضرورت کے لیے مختلف طرح کے بہانے بنائے، جیسے کہ بیرونِ ملک ہوائی اڈے پر پھنس جانا اور گھر واپس آنے کا کوئی راستہ نہ ہونا، لیکن ہمیشہ اپنے دعووں کو اپنے اے آئی سے بنے جعلی شناختی کارڈ اور جعلی ڈرائیونگ لائسنس دکھا کر وہ انہیں یقین دلاتا رہا۔
ایک موقع پر خاتون نے اسے تقریباً ساڑھے 7 ہزار ڈالرز بھیجے تاکہ وہ ایک وی آئی پی پاس خرید سکے جس سے وہ آخرکار اس سے روبرو ملاقات کر سکتی تھیں، لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی رکاوٹ آ گئی اور ان کی ملاقات کبھی نہ ہو پائی۔
جب خاتون کا نقصان 500 ملین وون سے بڑھ گیا اور جعلی اداکار نے ان پر مزید پیسے دینے کے لیے دباؤ بڑھایا تو خاتون نے آخرکار پولیس سے رابطہ کیا اور تمام صورتِ حال سے آگاہ کیا۔
جنوبی گیانگ سانگ کی صوبائی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ خاتون ایک فراڈ رومانس اسکیم کا شکار ہوئی ہیں، مگر ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اداکار لی جونگ جے کا روپ دھارنے والا شخص کون تھا۔
اس واقعے نے اتنی توجہ حاصل کی کہ اصل اداکار لی جونگ جے کی ایجنسی کو بیان جاری کرنا پڑا، جس میں شائقین کو خبردار کیا گیا کہ کوئی شخص اگر لی جونگ جے کے نام پر پیسے مانگے تو اسے ہرگز نہ دیں۔
بدقسمتی سے مذکورہ فراڈ کی شکار خاتون کے لیے اب بہت دیر ہو چکی ہے اور انہیں اپنے پیسے واپس ملنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی ایک فرانسیسی خاتون کو اسی طرح اداکار بریڈ پٹ بن کر دھوکا دینے والے شخص نے ساڑھے 8 لاکھ ڈالرز سے محروم کر دیا تھا۔