• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باقاعدگی سے کھیرا کھانے کے صحت پر انتہائی مفید اثرات

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کھیرا تازگی بخش، کم کیلوریز والا غذائی جزو ہے جو غذائیت، اینٹی آکسیڈنٹس اور مفید مرکبات سے بھرپور ہوتا ہے، یہ خون میں شکر کی مقدار کم کرنے، قبض سے بچانے اور وزن کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

کھیرے کی غذائی اہمیت

امریکی صحت و تندرستی سے متعلق ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق کھیرے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں لیکن یہ ضروری وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں، چھلکے سمیت 1 تازہ 301 گرام کے کھیرے میں 45 کیلوریز، 0.3 گرام چکنائی، 11 گرام کاربوہائیڈریٹس، 2 گرام پروٹین اور 1.5 گرام فائبر ہوتا ہے، اس میں 8 گرام وٹامن سی، 49 مائیکرو گرام وٹامن کے، 39 مائیکرو گرام میگنیشیئم، 442 ملی گرام پوٹاشیئم اور 0.2 ملی گرام مینگنیز بھی شامل ہوتا ہے۔

کھیرے کا 96 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے، اس کی غذائی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے لیے، اسے چھلکے سمیت کھانا بہترین ہے، چھلکا اتارنے سے فائبر کے ساتھ ساتھ کچھ وٹامنز اور معدنیات کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔

اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور

اینٹی آکسیڈنٹس ایسے مالیکیولز ہیں جو آکسیڈیشن کو روکتے ہیں، جو ایک ایسا کیمیائی عمل ہے جس سے انتہائی ری ایکٹو ایٹم بنتے ہیں جنہیں فری ریڈیکلز کہا جاتا ہے، وقت کے ساتھ یہ نقصان دہ ریڈیکلز جمع ہو کر دائمی بیماریاں جیسے کینسر، دل کی بیماری، پھیپھڑوں کی خرابی اور آٹو امیون یعنی خودکار مدافعتی نظام کی خرابیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

پھل اور سبزیاں، بشمول کھیرے فائدہ مند اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال ہوتے ہیں جو ان بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

کھیرا خاص طور پر فلیوونائڈز اور ٹیننز پر مشتمل ہوتا ہے جو فری ریڈیکلز کو بے اثر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں معاون

پانی جسم کا درجۂ حرارت منظم کرنے، فضلے کے اخراج اور غذائی اجزاء کی ترسیل کے لیے ضروری ہے، جسم میں مناسب پانی کی مقدار برقرار رکھنا میٹابولزم اور جسمانی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، اگرچہ پانی پینا ضروری ہے، لیکن پھل اور سبزیاں جیسے کھیرا بھی روزمرہ پانی کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

وزن کم کرنے میں مددگار

کھیرے کئی طریقوں سے وزن کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں، ان میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، تقریباً 104 گرام میں 16 کیلوریز یا 300 گرام کھیرے میں 45 کیلوریز ہوتی ہیں، اس لیے وزن بڑھنے کی فکر کیے بغیر انہیں جی بھر کر کھایا جا سکتا ہے۔

کھیرے میں پانی کی زیادہ مقدار اور اس کا تر و تازہ ذائقہ اسے سلاد، سینڈوچ اور سائیڈ ڈشز میں شامل کرنے یا زیادہ کیلوریز والے متبادل کے طور پر استعمال کرنے کے لیے بہترین بناتا ہے۔

بلڈ شوگر کو کم کرے

کھیرے کا باقاعدہ استعمال خون میں شکر کی سطح کم کرنے اور ذیابیطس سے جڑے مسائل کو روکنے میں مدد دیتا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کرتے ہیں، جو ذیابیطس کے بڑھنے سے منسلک ہے۔

ہاضمہ بہتر بنائے

جسم میں پانی کی کمی قبض کی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ یہ جسم میں سیال کے توازن کو متاثر کرتی ہے اور فضلے کے اخراج کو مشکل بنا دیتی ہے، کھیرے میں پانی اور فائبر کی زیادہ مقدار ہائیڈریشن کو فروغ دیتی ہے اور آنتوں کی حرکت کو باقاعدہ رکھنے میں مدد کرتی ہے۔

کھیروں میں پایا جانے والا حل پذیر فائبر پیکٹین ہے جو آنتوں کی حرکت کی فریکوئنسی بڑھا کر اور فائدہ مند آنتوں کے بیکٹیریا کو غذا فراہم کر کے آنتوں کی صحت کو بھی سہارا دیتا ہے۔

جلد کے لیے فائدہ مند

کھیرے کھانے سے جلد کو ہائیڈریٹ کرنے میں مدد ملتی ہے اور اس طرح جھریوں کو کم کیا جا سکتا ہے، آنکھوں پر کھیرے کے ٹکڑے رکھنے سے آنکھوں کی سوجن کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کھیرے عام طور پر جلد پر استعمال کے لیے محفوظ ہوتے ہیں، لیکن بہتر ہے کہ پہلے اسے کسی چھوٹے حصے پر آزما لیا جائے تاکہ جلن سے بچا جا سکے۔

ہڈیوں کی صحت کیلئے بہترین

19 سال اور اس سے زیادہ عمر کی خواتین کو روزانہ 90 مائیکرو گرام وٹامن کے کا استعمال کرنا چاہیے، جبکہ مردوں کو اس وٹامن کے 120 مائیکرو گرام کی ضرورت ہوتی ہے۔

یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کے مطابق چھلکے سمیت 100 گرام تازہ کھیرے میں 24 مائیکرو گرام وٹامن کے ہوتا ہے، یہ وٹامن خون کے جمنے میں معاونت کرتا ہے اور ہڈیوں کی مضبوطی میں کردار ادا کرتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید