کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین روزہ فری فار آل جشن آزادی ٹینس کوچنگ کیمپ10 اگست سے صبح نو ٹینس اکیڈمی کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ پر شروع ہوگا۔ صبح نو کی چیئرپرسن شاہدہ کوثر فاروق نے کوچنگ کیمپ کے حوالے سے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ فری فار آل جشن آزادی ٹینس کیمپ کا مقصد پرفیشنل کھلاڑیوں سمیت عام لوگوں کو بھی ٹینس کے کھیل اور اس کی باریکیوں سے روشنا س کرانا ہے۔ کیمپ میں ہر عمر اور جنس کے افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ 12اگست جمعہ کو ختم ہونے والے کیمپ میں کھلاڑی شام چار بجے سے سات بجے تک ٹریننگ حاصل کریں گے۔ کیمپ میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑی اُسامہ اقبال سے رابطہ کرکے اپنی انٹری جمع کراسکتے ہیں۔ کیمپ میں شرکت کی انٹری کی آخری تاریخ 9اگست ہے۔