امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2026ء کے وسط مدتی انتخابات سے قبل بذریعہ ڈاک ووٹنگ اور ووٹنگ مشینوں کے خاتمے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ 2026ء کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کریں گے جس کا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بذریعہ ڈاک ووٹنگ غیر شفاف، مہنگی اور متنازع ہے اور اس کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھاندلی ممکن ہوتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کا واحد ملک رہ گیا ہے جہاں اس پیمانے پر میل اِن ووٹنگ استعمال کی جاتی ہے جبکہ ان کے مطابق دیگر ممالک نے اسے انتخابی فراڈ کے باعث ترک کر دیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریاستیں ووٹوں کی گنتی میں وفاقی حکومت کی ایجنٹ ہوتی ہیں اور اِنہیں وہی کرنا چاہیے جو وفاقی حکومت ملکی مفاد میں ضروری سمجھے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ انتہائی بائیں بازو کی پالیسیاں، کھلی سرحدوں کا نظریہ، مردوں کا خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینا، ٹرانس جینڈر حقوق اور ووک کلچر جیسے امور نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر کے اس بیان کے بعد وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے طریقۂ کار پر ممکنہ ایگزیکٹو آرڈر کا جائزہ لیا جارہا ہے۔