• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چلنے کے بعد سانس پھولنے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بہت سے لوگ معمولی فاصلے تک چلنے یا ہلکی جسمانی سرگرمی کے بعد سانس پھولنے یا سانس رکنے جیسی کیفیت محسوس کرتے ہیں۔

طبی اصطلاح میں اسے ڈس پینیا (Dyspnea) کہا جاتا ہے، ایسا کبھی کبھار وقتی یا بے ضرر بھی ہوسکتا ہے، مگر بعض اوقات یہ کسی سنگین بیماری کی علامت بھی ثابت ہوتا ہے۔

ذیل میں وہ عام وجوہات بیان کی گئی ہیں جن کی وجہ سے چلنے یا ہلکی سرگرمی کے دوران سانس پھول سکتی ہے۔

1. جسمانی کمزوری یا فٹنس کی کمی

اگر ہلکی سرگرمی کے بعد بھی آپ تھکن یا سانس پھولنے کا شکار ہو جاتے ہیں تو اس کی وجہ جسم کا غیر متحرک رہنا ہوسکتا ہے، جب جسم باقاعدہ ورزش یا حرکت کا عادی نہ ہو تو سیڑھیاں چڑھنا یا تھوڑا زیادہ چلنا بھی سانس چڑھنے کا باعث بن جاتا ہے۔

2. موٹاپا

زیادہ جسمانی وزن، خاص طور پر سینے اور پیٹ کے گرد چربی، پھیپھڑوں اور ڈایافرام پر دباؤ ڈالتی ہے، جس سے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے، موٹاپا سانس پھولنے کی ایک عام وجہ ہے۔

3. بے چینی یا اینزائٹی

ایسے افراد جو اینزائٹی یا پینک ڈس آرڈر کا شکار ہوتے ہیں، ان میں دل کی دھڑکن تیز ہونا اور سانس لینے میں دشواری عام علامات ہیں، بے جا فکر یا گھبراہٹ بھی بظاہر پرسکون حالت میں سانس رکنے کا احساس پیدا کر سکتی ہے۔

4. دمہ (Asthma)

دمہ میں سانس کی نالیاں سُوج اور تنگ ہو جاتی ہیں، جس سے سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے، کچھ لوگوں کو جسمانی سرگرمی یا ٹھنڈی ہوا اور الرجی کے دوران دمے کے دورے پڑ سکتے ہیں۔

5. نمونیا (Pneumonia)

پھیپھڑوں میں بیکٹیریا یا وائرس سے ہونے والا انفیکشن سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور سینے میں درد کا باعث بن سکتا ہے۔

6. دائمی پھیپھڑوں کی بیماری (COPD)

یہ ایک طویل المدتی پھیپھڑوں کی بیماری ہے جو عام طور پر سگریٹ نوشی یا آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہے، اس میں پھیپھڑوں کی کارکردگی بتدریج کم ہوتی ہے اور سانس پھولنے کے ساتھ سینے میں جکڑن بھی محسوس ہوتی ہے۔

7. دل کی ناکامی (Heart Failure)

جب دل خون کو مناسب مقدار میں جسم کے مختلف حصوں تک نہیں پہنچا پاتا تو ہلکی سرگرمیوں کے دوران بھی تھکن اور سانس پھولنا شروع ہو جاتی ہے۔

8. دل کا دورہ (Heart Attack)

دل کے دورے کی ابتدائی علامات میں سینے میں جکڑن یا سانس پھولنا شامل ہو سکتا ہے، جو جسمانی مشقت یا چلنے کے دوران ظاہر ہوتا ہے۔

9. خون کی کمی (Anemia)

اگر جسم میں آئرن یا سرخ خون کے خلیات کی کمی ہو جائے تو جسم میں آکسیجن کی مقدار کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث معمولی کام کرنے پر بھی سانس پھولنے اور کمزوری محسوس ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟

اگر آپ کو بار بار چلنے یا ہلکی سرگرمیوں کے دوران سانس لینے میں دشواری محسوس ہو تو اسے معمولی نہ سمجھیں، ڈاکٹر سے فوری رجوع کریں تاکہ اس کی اصل وجہ معلوم ہو سکے اور بر وقت علاج کیا جا سکے، اگر سانس لینے میں شدید دشواری ہو، چکر آئیں یا بے ہوشی محسوس ہو تو فوری طور پر ایمرجنسی مدد حاصل کریں۔

صحت سے مزید