چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام کا دورہ کیا ہے اور سلطان حاجی حسن البلقیہ سے ملاقات کی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان علاقائی اور عالمی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور برونائی کے درمیان دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دارالامن نیول بیس اور ڈیفنس اکیڈمی کا دورہ کیا۔ ڈیفنس اکیڈمی میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کے موضوع پر خطاب کیا۔
انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے طلباء سے ملاقات کی اور 19 ممالک کے افسران سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں کے دوران عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو اُجاگر کیا۔ ہیڈکوارٹر رائل برونائی آرمڈ فورسز پہنچنے پر چیئرمین جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔