خیبر پختونخوا میں 170 میں سے 14 سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی گئی۔
پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 170سروسز کی نشاندہی کی جا چکی جنہیں ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 14 مختلف سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی گئی ہے، جن میں انتقال جائیداد ٹیکس، جائیداد ٹیکس، اسلحہ لائسنس، ابیانہ، ڈرائیونگ لائسنس، پلاٹ رجسٹریشن، ایچ ای سی داخلہ اور ہنٹنگ لائسنس فیس وغیرہ شامل ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ مزید 34 سروسز کو دسمبر تک ڈیجیٹائز کیا جائے گا، جس سے 12 اعشاریہ 3 ارب روپےکی بچت متوقع ہے جبکہ جون 2026ء تک تمام 170 سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے تمام امور کو بتدریج ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جایا جا رہا ہے، ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ تیار کرلیا گیا ہے، جلد کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت، عوام اور تاجروں کے تمام ادائیگی کے معاملات ڈیجیٹل کیے جائیں گے، جس کا مقصد مالیاتی امور میں شفافیت اور آسان سہولت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر 2 ہفتے بعد ریویو میٹنگ کی جائےگی، خیبر پختونخوا کو معاشی طور پر خودکفیل اور جدید طرزحکمرانی کی مثال بنائیں گے۔