روس کا پہلا مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹ اے آئی ڈول (AIdol) افتتاحی تقریب کے دوران اسٹیج پر منہ کے بل گر گیا اور پرزے اسٹیج پر بکھر گئے۔
انجینئرز روبوٹ کے بیلنس سسٹم اور کنٹرول سافٹ ویئر کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ روبوٹ ابھی ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔
روسی انجینئرز کا تیار کردہ یہ انسان نما روبوٹ 10 نومبر کو ماسکو میں ایک ٹیکنالوجی تقریب کے دوران اپنی سرکاری نمائش کے وقت اسٹیج پر گر کر بکھر گیا۔ جس کے بعد وہا موجود عملے نے خرابی کو درست کرنے کی کوشش کرتے ہوئے روبوٹ کو عوام کی نظروں سے اوجھل کر دیا۔
اے آئی ڈول نامی روبوٹ کو ڈیولپرز نے ایک جدید انسانی شکل والے روبوٹ کی مثال کے طور پر متعارف کرایا، جو زیادہ تر گھریلو پرزوں سے بنایا گیا تھا۔ تاہم جب عملے کے ارکان اسے ہالی ووڈ فلم راکی کے ساؤنڈ ٹریک کے ساتھ اسٹیج پر لے جا رہے تھے، تو وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور گر گیا، جس سے اس کے کئی پرزے اسٹیج پر گر گئے۔
اس موقع کی ویڈیو فوٹیج جو کہ آزاد روسی آؤٹ لیٹس نے شیئر کی ہیں اس میں اسٹاف کے ارکان فوراً اس کی جانب لپکے اور روبوٹ کو ایک اسکرین کے پیچھے کیھنچتے اور چھپاتے نظر آئے۔