ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کم اور بے ترتیب نیند دوڑنے والے افراد (رنرز) میں چوٹ لگنے کے خطرات کو نمایاں حد تک بڑھا سکتی ہے۔
یہ مطالعہ Applied Sciences میں شائع ہوا جس میں 425 رنرز کو ایک سال تک فالو کیا گیا، تحقیقی ٹیم نے ان کے نیند کے معمولات اور انجری کے واقعات کا جائزہ لیا۔
نتائج کے مطابق کم نیند لینے والے، بےآرام نیند کا شکار، رات میں بار بار جاگنے والے افراد میں انجری ہونے کا خطرہ 1.78 گنا زیادہ پایا گیا جبکہ ایسے رنرز میں 12 ماہ میں 68 فیصد تک انجری کے امکانات دیکھے گئے۔
دنیا بھر میں تقریباً 620 ملین افراد تفریحی طور پر دوڑتے ہیں، جس میں سے تقریباً 90 فیصد کسی نہ کسی مرحلے پر انجری کا شکار بنتے ہیں، جو کہ عالمی سطح پر کروڑوں ڈالر کے طبی اخراجات کا باعث بنتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند میں مشکلات، سونے میں دشواری، رات میں کئی بار جاگنا، صبح اٹھتے ہی تھکن یا بے چینی ہونا یہ سب جسم کے ٹشو مرمت کرنے، ہارمونز کو متوازن رکھنے اور توجہ قائم رکھنے کے عمل کو متاثر کرتے ہیں، جو انجری سے بچاؤ کے لیے بہت ضروری ہیں۔
ماہرین نے مشورہ دیا کہ روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی معیاری نیند لی جائے، جبکہ ایتھلیٹس کو اس سے بھی زیادہ آرام کی ضرورت ہوتی ہے، سونے کا وقت باقاعدہ رکھا جائے، الکوحل اور کیفین کا استعمال کم کیا جائے، سونے کے کمرے سے موبائل اور اسکرینیں دور رکھیں، یہ عوامل بہتر نیند اور انجری کے خطرات کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔