پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے پاکستانی ایوارڈز کی حقیقت بیان کر دی۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ایوارڈ شوز پر اپنی دو ٹوک رائے دی اور کہا کہ ایوارڈ شوز کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی، کیونکہ کچھ کہنے کے لیے ہے ہی نہیں، ہر بندے نے اپنی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے، اور اپنے اپنوں کو اعزاز سے نواز دیتا ہے، اس لیے مجھے یہ جعلی لگتے ہیں، جن میں قابلیت نہیں ہوتی انہیں بھی ایوارڈ سے نواز دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہر چینل نے اپنے اپنے ایوارڈز کا سیٹ بنایا ہوا ہے، تعصب کی بنیاد پر ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔ ان میں کوئی میرٹ نہیں ہے اور ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاتا۔
سینئر اداکارہ نے ایوارڈ شوز میں ووٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحیثیت ملک انتخابات میں سچے نتائج نہیں دیتا تو پھر ایوارڈ شو ووٹنگ کیسے قابل اعتبار ہوسکتی ہے۔ امریکا جیسے ملک میں بھی ووٹنگ کا عمل خراب ہوچکا ہے اس لیے یہ ووٹنگ بالکل بھی حقیقی نہیں ہیں۔