• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے آئی سے بنی میری فحش تصاویر کل میرا بیٹا دیکھے گا، جو خوفناک ہے، گریجا اوک

فوٹو: انسٹاگرام/ گریجا اوک
فوٹو: انسٹاگرام/ گریجا اوک 

بالی ووڈ اور مراٹھی فلموں کی معروف اداکارہ گریجا اوک نے اپنی اے آئی سے بنی فحش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ گریجا اوک شاہ رخ خان کی فلم جوان اور عامر خان کے ساتھ ’’تارے زمین پر‘‘ میں کام کرچکی ہیں۔

گزشتہ دنوں یوٹیوب پر ان کا ایک انٹرویو وائرل ہوا تھا، جس میں وہ نیلی ساڑھی میں انتہائی پرکشش لگ رہی تھیں، ان کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ان کی اے آئی سے بنی تصاویر تیزی سے شیئر کی جانے لگیں۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ عزت اور داد ملنے پر خوشی ہے، مگر ساتھ ہی پرائیویسی کی خلاف ورزیوں نے مجھے بے حد پریشان کر دیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ان میں سے کچھ تصاویر اے آئی سے بنی ہوئی ہیں، جو بہت خراب طرح  کی ہیں۔ انہیں ضرورت سے زیادہ جنسی رنگ دیا گیا ہے، جس سے مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

گریجا اوک نے اس مسئلے پر مستقبل میں ہونے والے نقصانات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایک  12 سالہ بیٹا ہے، جو مستقبل میں انٹرنیٹ پر ان تصاویر تک رسائی حاصل کر سکتا ہے اور یہ ان کے لیے سب سے بڑا خوف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان فحش تصاویر کو ایک دن میرا بیٹا بھی دیکھے گا۔ اسے معلوم ہوگا کہ یہ جعلی ہیں، مگر ماں کے بارے میں ایسی چیزیں دیکھنا اس کے لیے کتنا تکلیف دہ ہوگا، یہ سوچ کر میں ڈر جاتی ہوں۔

اداکارہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ لوگ جانتے ہیں یہ تصاویر مصنوعی ہیں، پھر بھی لوگ لائیکس حاصل کرنے کے لیے انہیں دیکھتے اور شیئر کرتے ہیں اور یہی بات سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

اداکارہ نے اپیل کی کہ اگر آپ اے آئی کے ذریعے کسی کی بھی نامناسب تصاویر بناتے ہیں، تو براہِ کرم ایک لمحہ رک کر سوچیں اور اگر آپ ایسی تصاویر دیکھ کر لطف اٹھاتے ہیں تو آپ بھی مسئلے کا حصہ ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید