• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سنچری کے ساتھ ہی کئی سنگ میل عبور کرلیے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں بابر اعظم نے لیجنڈ اوپنر سعید انور کا 20 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 20ویں سنچری اسکور کی اور سعید انور کا قومی ریکارڈ برابر کردیا۔

31 سالہ بابر اعظم نے 10 سال کے دوران 138 میچز کی 135 اننگز کھیلیں اور 20 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

دوسری طرف سعید انور نے 14 سالہ ون ڈے کیرئیر کے دوران 247 میچز کی 244 اننگز کھیلیں اور 20 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں بنائیں۔

بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں جبکہ سعید انور 15 مرتبہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔

اسٹار بیٹر نے ایک روزہ کرکٹ میں 2 سال اور 2 ماہ سے زائد کے دورانیے کے بعد یعنی کل 807 دن کے طویل انتظار کے بعد سنچری اسکور کی ہے۔

اس کے ساتھ ہی بابر اعظم سری لنکا کے خلاف 12 ایک روزہ میچز میں 4 سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 666 رنز اسکور کے ہیں،  اس طرح انہوں نے عمران خان کا 636 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

بابر اعظم انضمام الحق اور محمد حفیظ کا لنکن ٹیم کے خلاف سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کرچکے ہیں، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ سعید انور کے پاس ہے، انہوں نے 52 میچز میں 7 بار سو رنز اسکور کر رکھے ہیں۔

بابر اعظم پاکستانی میدانوں میں مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارمنس دکھا رہے ہیں، وہ ہوم گراؤنڈ پر 5 ہزار بنانے سے مزید 21 رنز دور ہیں، جس کے بعد وہ پاکستان کے جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف کے بعد چوتھے بیٹر بن جائیں گے۔

پاکستان کے اسٹار بیٹر نے ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 20 سنچریاں بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 108 اننگز جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے یہ سنگ میل 133 اننگز میں عبور کیا تھا جبکہ اے بی ڈویلیر نے 175 اور روہیت شرما نے 183 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید