بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں 4 خواتین نے شادی کیلئے جادو ٹونے اور ٹوٹکوں پر یقین کرتے ہوئے 16 دن کے بچے کو پیروں تلے روند کر قتل کردیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے مطابق ایک خاتون نومولود کو گود میں لے کر کچھ پڑھ رہی ہے، جبکہ دیگر خواتین بھی اس کے گرد بیٹھ کر اسی طرح کے جملے دہرا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ویڈیو میں سنی جانے والی آوازیں غالباً دیوتا کو پکارنے کے لیے تھیں۔
بچے کا والد کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث خواتین اس کی سالیاں ہیں، جو کافی عرصے سے شادی نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹکوں میں پڑی ہوئی تھیں، خواتین کا خیال تھا کہ بچے کو روند کر مارنے سے انہیں شادی کیلئے رشتے مل جائیں گے۔
متاثرہ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ قاتلوں کو سخت ترین سزا ملے۔ ایسی ویڈیوز اس لیے بنائی جا رہی ہیں تاکہ وہ قانون سے بچ سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور وائرل ویڈیو بھی تفتیش کا حصہ ہے۔