بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں گزشتہ ہفتے قتل ہونے والی خاتون کی موت کا معمہ حل ہوگیا، ملزم شادی شدہ ہے اور اس نے بلیک میلنگ سے تنگ آکر اپنی محبوبہ کو قتل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوئیڈا کے سیکٹر 108 میں ایک ہفتہ قبل نالے سے ایک خاتون کی سر اور ہاتھ کٹی لاش ملنے کے بعد پولیس نے کیس حل کر لیا ہے، تحقیقات میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم منو سولنکی شادی شدہ ہونے کے ساتھ مقتولہ پریتی یادو کا عاشق اور پیشے سے بس ڈرائیور ہے، اس نے عشق، جھگڑے اور مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آکر یہ سفاکانہ قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق 6 نومبر کو پوش علاقے کے قریب ایک نالے سے پریتی کی مسخ شدہ لاش ملی تھی۔ خاتون کا سر اور دونوں ہاتھ جسم سے الگ تھے جس سے شناخت تقریباً ناممکن تھی۔
پولیس نے 5 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج، 1000 سے زائد گاڑیوں کی موومنٹ اور 44 مشتبہ ڈرائیورز کا ریکارڈ کھنگالا، اسی دوران پولیس کو ایک سفید اور نیلی بس کی فوٹیج ملی جو وقوعہ کے مقام کے قریب دیکھی گئی۔
یہ بس منو سولنکی چلا رہا تھا، جو براؤلا کا رہائشی ہے۔ اسی وقت پریتی کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی۔ شواہد جوڑنے کے بعد پولیس نے 14 نومبر کو منو کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات میں منو نے انکشاف کیا کہ پریتی اس کی والدہ کے ساتھ فیکٹری میں کام کرتی تھی اور اس دوران دونوں خاندانوں کا آنا جانا بڑھ گیا۔ کچھ عرصے بعد دونوں کے درمیان تعلق قائم ہو گیا۔
منو کے مطابق پریتی اس سے بار بار پیسے مانگتی تھی اور آمدنی کا بڑا حصہ لے جاتی تھی۔ اعتراض کرنے پر وہ اس کے بیوی بچوں کو سب کچھ بتانے کی دھمکی دیتی۔
ملزم کا دعویٰ ہے کہ خاتون اسے بار بار بلیک میل کرتی تھی اور یہاں تک کہ اس کے بچے کو بھی غیرقانونی کام میں ملوث کرنے کی دھمکی دیتی تھی۔
پولیس کے مطابق منو نے دباؤ سے تنگ آکر قتل کی منصوبہ بندی کی، اور 5 نومبر کو ملزم پریتی کو اس کے گھر سے اپنی بس میں بٹھا کر لے گیا۔ دونوں نے راستے میں پراٹھے اور میگی کھائی، مگر اسی دوران جھگڑا ہو گیا۔
غصے میں آکر منو نے پہلے سے ساتھ لایا ہوا تیز دھار آلہ نکالا اور پریتی کا سر تن سے جدا کر دیا۔ شناخت چھپانے کے لیے اس نے دونوں ہاتھ بھی کاٹ دیے، بعد ازاں اس نے لاش کو سیکٹر 108 کی نالی میں پھینک دیا جبکہ سر اور ہاتھ غازی آباد لے جا کر بس کے نیچے کچل کر ٹھکانے لگا دیے۔
پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار، بس اور گاڑی کے اندر سے خون آلود میٹ برآمد کر لیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔