• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریو اولمپکس خواتین فٹ بال، برازیل کی مسلسل دوسری فتح، سویڈن کو 5-1 سے ہرادیا

ریوڈی جینرو( جنگ نیوز) برازیل کی خاتون فٹ بال ٹیم نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریو اولمپکس فٹ بال میچ میں یک طرفہ مقابلے میں سویڈن کو 5-1سے پیٹ دیا۔ گروپ ای کے میچ میں برازیلی خواتین ٹیم نے مسلسل دوسری جیت درج کرتے ہوئے گروپ میں سب سے اوپر جگہ بنا لی ہے ۔ امریکا نے کپتان کارلی ليوڈ کے واحد گول کی بدولت فرانس کو زیر کیا ۔ یہ امریکی گول کیپر ہوپ سولو کا 200 واں انٹرنیشنل میچ تھا۔ لیکن ذاتی حیثیت میں انہیں میچ کے دوران کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل انہوں نے اولمپکس سے قبل زیکا وائرس کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جس پر مقامی شائقین نے کھیل کے دوران ان پر آوازیں کسیں۔ امریکا اس جیت کے ساتھ اپنے گروپ جی میں چھ پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ اس کے بعد فرانس اور نیوزی لینڈ کے تین تین پوائنٹس ہیں۔ برازیلی کھلاڑی برياٹج، كرسٹيانے اور ماریا نے میچ کے پہلے ہاف میں مسلسل حملوں سے یکے بعد دیگر تین گول کرکے  میچ حریف ٹیم کی پہنچ سے دور کردیا تھا۔ اس کے بعد میچ کے آخری 10 منٹ باقی رہتے ماریا اور برياٹج نے ایک ایک گول اور کر اسکور 5-0 کر دیا۔ یک طرفہ اس مقابلے میں اختتام سے صرف 2 منٹ قبل سویڈن کے لئے لوٹا شیلن نے واحد گول کر ہار کے فرق کو کچھ کم کرنے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک بہت تاخیر ہوچکی تھی۔ اس سے پہلے امریکہ اور فرانس کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں میچ کے 63 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی لیکن پھر امریکی کپتان ليوڈ نے صحیح موقع پر خالی پڑے گول پوسٹ کی طرف گیند کو نیٹ میں پہنچا فرانسیسی گول کیپر سارا کو چکمہ دیتے ہوئے میچ کا فیصلہ کن گول کردیا ۔ 
تازہ ترین