• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر دیا


پاکستان نے سری لنکن ٹیم کو تیسرے ون ڈے اور سیریز میں شکست دے دی، یوں گرین شرٹس نے کلین سوئپ فتح اپنے نام کر لی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 212 رنز کا ہدف 45 ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور سری لنکا کا میچ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔

ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 8 رنز پر گری، حسیب اللّٰہ صفر پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد پاکستانی بیٹر نے محتاط مگر مؤثر انداز میں اننگز آگے بڑھائی۔

دوسری وکٹ پر فخر زمان اور بابر اعظم نے 74 رنز کی اہم شراکت قائم کرتے ہوئے ہدف کی طرف پیش قدمی کی مضبوط بنیاد رکھی۔

اس دوران نصف سنچری بنانے والے فخر زمان 82 کے اسکور پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ بابر اعظم کی گری، وہ 101 کے مجموعے پر 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

گرین شرٹس کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر سلمان علی آغا تھے، وہ 115 کے مجموعی اسکور پر صرف 6 رنز بنا کر کریز چھوڑ گئے۔

پانچویں وکٹ پر محمد رضوان نے اور حسین طلعت نے 100 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں ہی کھلاڑیوں نے بالترتیب 61 اور 42 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے جیفری نے 3 جبکہ مہیش نے 1 وکٹ حاصل کی، محمد وسیم کو مین آف دی میچ اور حارث رؤف کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم 46 اوورز میں 211 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سدیرا سمارا وکرما نے48، کوشال مینڈس نے 34، کامل مشارا نے 29 اور پوون رتنائیکے نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کے محمد وسیم جونیئر نے 3، حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے میچ 6 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا ہے، یہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تیسری کلین سوئپ سیریز ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے سیریز کے آخری میچ میں 4 تبدیلیاں کی تھیں، فیصل اکرم، شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور حسیب اللّٰہ پلیئنگ الیون میں شامل کیے گئے۔

سری لنکن ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا بیمار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے آج کے میچ میں کوشال مینڈس قیادت کر رہے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید