پاکستانی ریپر طلحہ انجم نے نیپال میں اپنے کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرا دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو اس نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی، جس کے بعد گلوکار کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب گلوکار نے اس پر ردعمل ظاہر کردیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر طلحہ انجم کی نیپال میں ہونے والے حالیہ کنسرٹ کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہوں نے کنسرٹ کے دوران خیرسگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر بھارتی پرچم لہرایا۔
اسی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلحہ انجم نے بھارتی پرچم کو اپنے کندھوں پر بھی اوڑھ لیا، جبکہ اسٹیج پر موجود ان کے ساتھی گلوکار طلحہ یونس نے نیپالی پرچم اٹھا کر مقامی مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیوز وائرل ہوئیں تو کنسرٹ کے شرکاء نے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گلوکار نے یہ عمل مختلف ممالک سے آئے شرکا کے احترام میں کیا، جبکہ بعض صارفین نے رواں سال پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کے تناظر میں گلوکار کے اس عمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم اب طلحہ انجم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرکے اس واقعے پر اپنا ردعمل دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے دل میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں، میرے فن کی کوئی سرحد نہیں، اگر میرے بھارتی پرچم اٹھانے سے تنازعہ پیدا ہوتا ہے تو ہو جائے، میں یہ پھر کروں گا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’مجھے کبھی پروپیگنڈا مہمات کی پروا نہیں رہی اور نہ کبھی ہوگی۔ اُردو ریپ نہ کبھی سرحدوں کی محتاج رہی ہے اور نہ کبھی رہے گی، اس کی کوئی سرحد نہیں۔‘