پاکستان فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں کی سُپر اسٹار ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے نابینا لڑکیوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اسکرین پر جو بھی کردار ادا کرتی ہوں، دل سے کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فلم نیلوفر میں پہلی بار ایک بصارت سے محروم لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہوں۔ پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ میری ایک سال میں 2 فلمیں ریلیز ہورہی ہیں ۔ بے انتہا خوش ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپر ہٹ فلم مولاجٹ کی کامیاب اداکارہ ماہرہ خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں نے برِصغیر کے مقبول ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا۔ مجھے شاہ رخ خان، فواد خان، فہد مصطفیٰ اور ہمایوں سعید کے ساتھ پسند کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی پوری کوشش کرتی ہوں۔ کراچی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے خوبصورت اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ایک پرابلم ہے، یہاں آتے تو سب ہیں، مگر اسے کوئی اون نہیں کرتا۔ یہ دیکھ کر مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے درخواست کروں گی کہ اس شہر کو دیکھیں اور اس کی حالت کو ٹھیک کریں۔ کراچی سب سے پیار کرتا ہے جو کراچی آتا ہے، وہ یہاں کا ہو کر رہ جاتا ہے، کیونکہ یہاں کے لوگوں میں برداشت بہت ہے۔ ہم نے یہاں ہولی اور دیوالی بھی دیکھی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے لوگ کھلے دل کے ہیں، میں کراچی میں پیدا ہوئی ہوں اور کراچی میری جان ہے۔