مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم قائد مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف کی مسئلہ کشمیر پر پالیسی کو واضح کردیا ہے، ان کا بیان پاکستان کی قوم کی ترجمانی ہے، اسے مخصوص کرنا نامناسب ہے، وزیراعظم پاکستان قائد مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف نے اقتدار سنبھالتے ہی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور بھارتی وزیراعظم مودی کے سامنے واضح رکھا اور اجاگر کیا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) برطانیہ اور نارتھ ویسٹ کے مسلم لیگی عہدیداروں نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو میں کیا۔ ہارون کھٹانہ سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ (ن) نارتھ ویسٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم کے خلاف پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار کابیان بروقت ہے۔ مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر حمزہ باسط بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے متوالوں پر ظلم کے خلاف ہر فورم پر مسئلے کو اٹھا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی کشمیریوں کو آزادی دلائے گی۔ مسلم لیگ (ن) نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری راجہ جلیل الرحمن نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں جب نہتے کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا۔ مسلم لیگ (ن) نارتھ ویسٹ کے صدر راجہ سجاد حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم تشدد دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے، اقوام متحدہ کو فوری مداخلت کرنی چاہیے، چیئرمین نارتھ ویسٹ چوہدری عبدالکریم نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کو بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے نائب صدر راجہ وحید مجید نے وزیر داخلہ کے بیان کو پاکستانی قوم کی آواز قرار دیا۔ راجہ فضل مجدد سینئر نائب صدر نارتھ ویسٹ، راجہ عبدالقیوم خان، سینئر نائب صدر برطانیہ، شیخ اعجاز احمد، صدر بولٹن راجہ رئیس خان، صدر گریٹر مانچسٹر چوہدری قمرالزمان بھٹی، محبوب خان، راجہ اشفاق حسین راجہ، شاہ نواز نے بھی وزیر داخلہ کے بیان کو سراہا اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور تعاون پر زور دیا۔