سردیوں میں دہی کھانے سے نزلہ یا زُکام ہو جانے کا خیال ہر گھر میں عام پایا جاتا ہے مگر ماہرین کی جانب سے اس خیال کو محض ایک غلط فہمی قرار دیا گیا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق غذائیت سے بھرپور دہی مجموعی صحت پر مثبت اثر ڈالتا ہے بشرطیکہ اسے صحیح وقت اور مناسب درجۂ حرارت پر کھایا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی کھانے سے نزلہ یا زکام نہیں ہوتا، نزلہ صرف وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے جو فضا یا جراثیم آلود سطحوں کے ذریعے پھیلتے ہیں، دہی میں کسی وائرس کی موجودگی کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ملا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف بہت ٹھنڈی دہی کھانے کا ہو سکتا ہے کیونکہ سرد درجۂ حرارت پہلے سے موجود زکام یا بلغم کو مزید بڑھا سکتا ہے، کمرے کے درجۂ حرارت پر رکھا ہوا دہی یہ اثر نہیں ڈالتا۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سردیوں میں فریج سے نکلی ہوئی کوئی بھی ٹھنڈی چیز براہِ راست استعمال نہ کریں، دہی سمیت ہر غذا کو چند منٹ کے لیے کچن میں رکھ دیں یا پھر نیم گرم کر لیں اور پھر اس کا استعمال کریں۔
ماہرین کے مطابق ٹھنڈا دہی یا رات کے وقت دہی کھانے سے بعض لوگوں کو بلغم کی شکایت ہو سکتی ہے خاص طور پر جنہیں نزلہ، زکام، کھانسی، دمہ یا سینوس کا مسئلہ ہو۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی کھانے کا بہترین وقت دوپہر ہے جب ہاضمہ بہتر طور پر کام کر رہا ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔