• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: زبان کے جھگڑے پر تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم نے خودکشی کرلی


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں زبان کے جھگڑے پر تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں ایک کالج طالب علم نے مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کرلی۔ 

پولیس کے مطابق یہ دباؤ اس واقعے کے بعد پیدا ہوا جس میں کچھ افراد نے ہندی او میراٹھی زبان کے جھگڑے پر اسے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

طالب علم کی شناخت ارنَو کھیرے کے طور پر ہوئی ہے، جو تھانے کے علاقے کلیان ایسٹ کا رہائشی تھا اور روزانہ ٹرین کے ذریعے ملنڈ واقع اپنے کالج جایا کرتا تھا۔

طالب علم کے والد جیتندر کھیرے نے پولیس کو بتایا کہ ایک روز معمول کے سفر کے دوران ٹرین میں ہندی بمقابلہ مراٹھی زبان کے مسئلے پر بحث چھڑ گئی۔ بحث نے تنازع کی صورت اختیار کی جس کے بعد کم از کم پانچ افراد نے ان کے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

والد کے مطابق اس واقعے نے ارنَو کو گہرے ذہنی صدمے میں مبتلا کردیا، جس کے باعث اس نے خودکشی کرلی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ حملہ کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید