• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان اور پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ لیگ کا دوبارہ آغاز

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

جاپان اور پاکستان کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ 

پاکستان کے نامزد سفیر برائے جاپان عبد الحمید نے 21 نومبر 2025 کو جاپان پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ لیگ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ 

یہ اجلاس جاپان کی ایوانِ نمائندگان کے رکن اور فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیجی ماے ہارا کی خصوصی دعوت پر منعقد ہوا، جنہوں نے سفیر عبد الحمید کو اس اہم موقع پر بطور خصوصی مہمان شرکت کی دعوت دی تھی۔

اپنے خطاب میں سیجی ماے ہارا نے پاکستان اور جاپان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں آنے والی مثبت پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر اوساکا کے ’نسائی ایکسپو 2025 ‘ میں پاکستان کے قومی دن کی تقریب میں اپنی شرکت کو خوشگوار یاد قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں قریبی روابط جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نامزد سفیر عبد الحمید نے جاپان پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ لیگ کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات امن، ترقیاتی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے عزم پر استوار ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سفارت کاری ان روابط کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 6 ادارہ جاتی مکینزم مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تعلقات کی یہ نئی جہت مستقبل میں دونوں ملکوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرے گی۔

اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور جاپان نے اس امید کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنے موجودہ دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں گے اور مل کر تعاون کے نئے راستے تلاش کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید