• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صارف کا اے آئی تصویر کی بنیاد پر کیفے سے رقم واپسی کا مطالبہ

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

مصنوعی ذہانت کے استعمال سے من پسند تصاویر بنانا اب ممکن ہوگیا ہے۔ آپ چاہیں تو اپنی تصاویر کسی سیاحتی مقام یا پھر اپنے من پسند اسٹار کے ساتھ ایڈیٹ کر سکتے ہیں جو دیکھنے میں ہوبہو اصلی معلوم ہوتی ہیں۔

جعل ساز ہر موقع کو کیش کرتے ہیں ایسا ہی کچھ بھارت میں ہوا، جب ایک صارف نے اے آئی سے تیار کردہ تصویر کا استعمال کرکے ریفنڈ کا مطالبہ کر دیا۔ تاہم ممبئی کے کیفے نے بھی صارف کو بے نقاب کر دیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کیفے نے اپنے پیج پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں رقم واپسی کے لیے اے آئی سے تیار کردہ تصویر تھی۔


بھارتی کیفے کی چین نے جعلی تصویر کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اے آئی کے غلط استعمال کو سامنے لانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کیفے نے انکشاف کیا کہ ایک صارف نے اے آئی سے تیار کردہ اس تصویر کی بنیاد پر ہم سے پریمیم کیک کی رقم واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ کیک بادام اور اسٹرابیری سے تیار کردہ تھا جس کا وزن تقریباً 2 پاؤنڈ کے برابر تھا۔ اس کیک کی اصل قیمت 2500 روپے تھی جبکہ صارف نے 1820 روپے واپسی کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں روزانہ جعلی شکایات کا سامنا رہتا ہے، اب تو ہمیں کوئی بھی ایڈیٹڈ کلیم چونکا دینے والا نہیں لگتا۔ بعض اوقات صارفین جس حد تک جانے کی کوشش کرتے ہیں، وہ ناصرف پریشان کن ہوتا ہے بلکہ مضحکہ خیز بھی۔ تاہم کیفے نے حالیہ واقعے کو حد سے بڑھا ہوا اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ صارفین ملے جلے تاثرات پیش کر رہے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید