• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل پاس ورڈ کے معاملے میں اپنے بزرگوں سے بھی بدتر: تحقیق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جین زی (نوجوان نسل) پاس ورڈ کے معاملے میں اپنے بزرگوں سے بھی پیچھے اور بدترین عادات کی حامل ہیں۔

پاس ورڈ مینیج کرنے والی آن لائن فرم ’ نورڈ پاس‘ کی جانب سے کی جانے والی سیکیورٹی کی عادات سے متعلق حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جین زی (1997 کے بعد پیدا ہونے والے افراد) پاس ورڈ کے استعمال کے معاملے میں گزشتہ تمام نسلوں سے زیادہ کمزور ہیں۔

پاس ورڈ مینیجر نورڈ پاس کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جین زی میں سب سے مقبول پاس ورڈ ’12345‘ ہے، جبکہ حیران کن طور پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز میں لفظ ’پاس ورڈ‘ 5ویں اور ’اسکیبیڈی‘ 7ویں نمبر پر ہے۔

اس کے برعکس بےبی بومرز (1946 سے 1964 میں پیدا ہونے والے افراد) میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ ’123456‘ تھا، جو جین زی میں سب سے مقبول پاس ورڈ سے تھوڑا زیادہ محفوظ ہے۔ یہی پاس ورڈ میلینیلز اور جنریشن ایکس میں بھی سب سے زیادہ مقبول رہا۔

محقیق کا کہنا ہے کہ ہم عام طور پر سمجھتے ہیں کہ نوجوان نسل چونکہ ڈیجیٹل دنیا میں پلی بڑھی ہے، اس لیے وہ سائبر سیکیورٹی کو فطری طور پر بہتر سمجھتے ہوں گے لیکن ہماری تحقیق نے اس غلط فہمی کو ختم کر دیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی برسوں سے جاری آگاہی مہم کے باوجود پاس ورڈ سے متعلق عادات میں نمایاں بہتری نظر نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق سال کے آغاز میں کیے گئے پاس ورڈ مینجمنٹ ٹول بٹ وارڈن کے عالمی سروے میں بھی یہی رجحان سامنے آیا تھا، جس نے آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، جاپان، برطانیہ اور امریکا میں ہزاروں کام کرنے والے بالغ افراد کو سروے میں شامل کیا تھا۔

تاہم تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کمزور پاس ورڈز کے استعمال کے باوجود جین زی میں پاس کیز، بائیو میٹرکس اور ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن جیسے زیادہ جدید حفاظتی اقدامات استعمال کرنے کا رجحان عام ہے۔

رواں سال کے سب سے عام و مقبول پاس ورڈز میں 123456، ایڈمن، 12345678، 123456789، 12345، پاس ورڈ Aa123456، 1234567890، پاس@123، اور ایڈمن123شامل ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید