چین میں ایک حیران کن اور منفرد مقابلے نے سب کی توجہ حاصل کر لی، جہاں 23 سالہ نوجوان نے 33 گھنٹے سے زائد مسلسل لیٹ کر لائنگ فلیٹ مقابلہ جیت لیا۔
لائنگ فلیٹ دراصل چین کے نوجوانوں میں مقبول ایک رجحان ہے، جس کا مطلب ہے کم سے کم محنت کرنا، دباؤ سے بچنا اور پرسکون طرزِ زندگی اختیار کرنا، یہ مقابلہ اسی تصور سے متاثر ہو کر منعقد کیا گیا تھا۔
یہ مقابلہ باؤتو کے ایک شاپنگ سینٹر میں ہوا جس کے اصول نہایت سادہ مگر سخت تھے، شرکاء کو ایک میٹریس پر مسلسل لیٹے رہنا تھا نہ اٹھنے کی اجازت تھی، نہ واش روم جانے کی، البتہ کروٹ بدلنے، کتاب پڑھنے، موبائل استعمال کرنے اور پیٹ کے بل لیٹ کر کھانا کھانے کی اجازت تھی۔
چونکہ اٹھتے ہی مقابلے سے باہر ہونا تھا، اس لیے زیادہ تر شرکاء نے ڈائپرز پہن کر شرکت کی، تقریباً 240 شرکاء میں سے پہلے ہی دن 186 افراد باہر ہو گئے۔
33 گھنٹے اور 9 منٹس گزرنے کے بعد صرف تین شرکاء باقی بچے، مقابلے کو مزید مشکل بنانے کے لیے منتظمین نے آخری تینوں کو بیک وقت ہاتھ اور پاؤں اوپر اٹھانے کا کہا، جو سب سے دیر تک یہ پوزیشن برقرار رکھ سکا، وہی فاتح ٹھہرا اور 23 سالہ نوجوان آخرکار جیت گیا، فاتحین کو انعامی رقم بھی دی گئی۔
نوجوان کے مطابق اس کی گرل فرینڈ نے اسے اس مقابلے میں حصہ لینے کا مشورہ دیا تھا، اس کا کہنا ہے کہ میں نے کوئی خاص تیاری نہیں کی تھی اور کئی بار ہار ماننے کا دل کیا، لیکن گرل فرینڈ کے حوصلے نے مجھے آخر تک مقابلے میں رکھا۔