برطانوی وزیر خزانہ (چانسلر) ریچل ریوز نے پارلیمنٹ میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کر دیا۔
بجٹ تفصیلات غلطی سے چانسلر کی تقریر سے کچھ دیر قبل لیک ہوگئی تھیں۔ آفس آف بجٹ رسپانسیبیلٹی نے بجٹ تفصیلات قبل ازوقت جاری کرنے کو تیکنکی غلطی قرار دیا۔
ریچل ریوز نے کہا کہ قومی قرضہ اور اخراجاتِ زندگی کو کم کرنے کیلئےضروری اقدمات کیے ہیں، انکم ٹیکس اور نیشل انشورنس کی ادائیگی کے معاملہ پر چانسلر نے آمدنی کی کم از کم حد کو مزید 3 برس2031 تک منجمدکر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کم ازکم آمدنی کی حد مقرر کرنے، تنخواہوں میں اضافے سے لوگ خود بخود زائد ٹیکس کے بینڈ میں آجاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت، انرجی بلز میں کمی کے لیے گرین لیویز میں کٹوتی کرے گی، انرجی بلز میں آئندہ برس اپریل سے 150 پاؤنڈ تک کی بچت ہوگی۔
ریچل ریوز کے مطابق سیلری سیکریفائز اسکیم کے تحت لوگ اب دو ہزار پاؤنڈ تک کی رقم ہی پینشن میں ڈال سکیں گے، پہلے اس کی کوئی حد نہیں تھی، پینشن میں دو ہزار سے زائد کی رقم ڈالنے پر ملازم اور ایمپلائر کو نیشنل انشورنس ادا کرنا ہوگی، اطلاق اپریل 2029 سے ہوگا۔
چانسلر نے کہا کہ پوری شرح کی نئی پینشن حاصل کرنےوالوں کی پینشن میں اپریل سے 550 پاؤنڈ کا اضافہ ہوگا۔ انگلینڈ میں نیا مینشن ٹیکس متعارف کرایا ہے، دو ملین سے زائد مالیت کے گھروں 2,500 اور 5 ملین سے زائد والے گھروں پر 7,500 سالانہ ٹیکس لگے گا۔
ریچل ریوز نے کہا کہ الیکٹرک اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں پر نیا ٹیکس لگا دیا، اپریل 2028 سے فی میل ادائیگی کرنا ہوگی، فیول ڈیوٹی آئندہ برس اگست تک منجمد رہے گی، جس کے بعد مرحلہ وار اضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ الیکٹرک کار گرانٹ اسکیم کیلئے اضافی 1.3 بلین پاؤنڈ کی فنڈنگ مختص کر دی گئی، فنڈنگ سے الیکٹرک کاروں کے اہل ماڈلز کیلئے 3,750 پاؤنڈ کی سبسڈی دی جائے گی۔
برطانوی وزیر خزانہ نے کہ موبیلٹی اسکیم کےتحت لگژری کاریں حاصل نہیں کی جا سکیں گی، کیش انڈیویجوئل سیونگ اکاؤنٹس کے تحت ٹیکس فری رقم کی حد سالانہ 20 ہزار ہی رہے گی لیکن 8 ہزار سرمایہ کاری کیلئے مختص کیے جائیں گے۔
ریچل ریوز کے مطابق 65 برس سے زائد عمر کے افراد 20 ہزار پاؤنڈ کے آئی ایس اے پر مکمل کیش الاؤنس کے حقدار رہیں گے، چائلڈ بینفیٹ دو بچوں تک محدود کرنے کی شرط آئندہ برس اپریل سے ختم کر دی جائے گی، 18 ماہ سے بےروزگار نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں مدد کیلئے معاوضہ کے ساتھ کام کی جگہ فراہم کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ چینی آن لائن کمپنیوں کو اب برطانیہ میں سستا سامان فروخت کرنے کیلئے درآمدی ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی، پراپرٹی اور سیونگ کے منافع پر ٹیکس کی شرح میں دو فیصد اضافہ ہوگا، گیملنگ پر ٹیکس کی تبدیلی سے 1.1 بلین پاؤنڈ جمع ہوں گے۔
ریچل ریوز نے کہا کہ کم از کم تنخواہ میں اضافے اور دودھ سے بنے مشروبات پر شوگر ٹیکس لگانے کی تفصیلات پہلے ہی سامنے آگئی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر پارلیمنٹ کے باہر کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر کیمی بیڈینوک نے کہا کہ امید ہے یہ ریچل ریوز کا آخری بجٹ ہوگا، انھوں نے اپنا ہر وعدہ توڑ دیا ہے، چانسلر نے گزشتہ برس 40 بلین پاؤنڈ کا ٹیکس لگایا تھا، حکومت نے ملک شیک سمیت ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے۔