• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ سے عبرتناک شکست، گوتم گمبھیر کی برطرفی کی افواہیں زیرگردش

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

جنوبی افریقہ کے خلاف بھارتی ٹیم کی 0-2 سے وائٹ واش ناکامی کے بعد ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کو عہدے سے برطرف کرنے کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں گوتم گمبھیر کے بطور ہیڈ کوچ مستقبل پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔

بھارت کے متعدد معتبر حلقوں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وی وی ایس لکشمن ریڈ بال ٹیم کے نئے کوچ بن سکتے ہیں جبکہ بی سی سی آئی نے اِن تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تمام افواہوں کے پیشِ نظر بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ میں گمبھیر کی پوزیشن مضبوط ہے اور وہی 2027ء تک ٹیم کی منصوبہ بندی کے مرکزی کردار رہیں گے۔

بی سی سی آئی نے ’این ڈی ٹی وی‘ سے کی گئی خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ گوتم گمبھیر ہی بھارتی ٹیم کے بطور ہیڈ کوچ ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔

بی سی سی آئی کے مطابق گوتم گمبھیر کو 2027ء ورلڈ کپ تک ٹیم کی تعمیرِ نو کا منصوبہ سونپا گیا ہے اور وہی اس دورانے میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ 

بھارتی بورڈ کا مؤقف ہے کہ ٹیم اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ کوچ کو مکمل وقت اور تعاون دیا جائے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید