• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارتِ اعلیٰ سے بڑی کوئی ذمہ داری نہیں، پنجاب کے ہر فرد کی فکر ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ یا وزارتِ اعلیٰ سے بڑی کوئی ذمہ داری نہیں، عوام کے علاج، صفائی، صحت اور سڑکوں کی فکر ہے، روٹی اور سبزیوں کی کیا قیمت ہے اس کی فکر ہے، مجھے پنجاب کے ہر بچے بڑے کی فکر ہے۔

مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران نام لیے بغیر مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا جو وزرائے اعلیٰ یا حکومتی عہدیداران کہتے ہیں جلسہ کرو، گھیراؤ کرو، دنگا فساد کرو، نہ جانے ان کے پاس اتنا ٹائم کہا سے آتا ہے، ان کی تھوڑی سی توجہ سے کتنے لوگوں کی زندگیاں بدل سکتی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسٹی ٹیوشنز میں مِیل پروگرام شروع کیا ہے، اسپیشل بچوں کے اسکول میں گئی تو لگا کہ یورپ کے کسی اسکول میں آگئی ہوں، جو بچے دیکھ نہیں سکتے میں نے ان بچوں کو پڑھنے اور لکھنا سیکھتے دیکھا، خصوصی بچے ہمارے ہیروز ہیں، اللّٰہ تعالیٰ اسپیشل بچوں کو ایسی صلاحیت دیتا ہے جو عام انسانوں میں نہیں ہوتی، نابینا بچے اتنی دور دیکھ سکتے ہیں، آنکھیں رکھنے والے اتنی دور نہیں دیکھ سکتے، سماعت سے محروم بچے وہ چیزیں سن سکتے ہیں جو سماعت رکھنے والے نہیں سن سکتے، بصارت اور سماعت سے محروم بچے خدادا صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل بچوں کے لیے پنجاب میں 303 ادارے ہیں، جنہیں ریفارم کرنے جا رہے ہیں، خصوصی افراد کو ہمت کارڈ دے رہے ہیں، 28 اضلاع میں سینٹر آف ایکسیلینس بن چکے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ میرا شکریہ ادا نہ کریں، یہ میرا فرض ہے، میں تین بچوں کی ماں ہوں، مجھے احساس ہے، میری بہن کا بڑا بیٹا اسپیشل چائلڈ ہے، اسپیشل بچے کی وجہ سے گھر میں رحمت ہے، جن والدین کے گھر میں اسپیشل بچے ہیں ان کی ہمت کو سلام پیش کرتی ہوں، ایک ماں نے بتایا کہ اسپیشل بچے کی وجہ سے ان کے گھر کی بلائیں ٹلتی ہیں، اسپیشل بچوں سے گھر میں برکت اور رونق ہوتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس میں ہزاروں اسپیشل بچے سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں گے، پنجاب حکومت کو آپ کی ہر چیز کی فکر ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خصوصی افراد کے لیے بسوں کے اندر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی، خصوصی افراد کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، ریاست کو احساس ہے کہ اسپیشل افراد کو اسپیشل توجہ کی ضرورت ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب میں خصوصی ایتھلیٹس طلبہ کو انعامات بھی دیے۔

قومی خبریں سے مزید