چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سال عہدے پر رہنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی الوادعی تقریب سے خطاب کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، اس تبدیلی سے ہماری اندرونی اور بیرونی آزمائشوں پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر جنگ تک محیط ہیں، ان حالات میں ہماری مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اوریکسوئی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو اہم ضرورت سمجھتا ہوں ناکہ ایک خواہش، یہ مستقبل کے چینجلز کا سامنا کرنے کے لیے ایک ناگزیر تنظیمی اصلاح ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ایک مکمل بااختیار اور مناسب صلاحیت سے لیس مسلح افواج، نظام کے لیے ایک عملی ضرورت ہے، ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تینوں افواج بالخصوص جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کے لیے نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں، یہ ڈھانچہ جس طرح بھی قائم کیا جائے اسے اپنی نئی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور عزم کے ساتھ پورا کرنا چاہیے۔