بالی ووڈ میں لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد انڈسٹری میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ ایسے میں ان کی ماضی کی یادیں کسی انٹرویو، ویڈیو کلپ یا پھر تصاویر کی صورت میں سامنے آ رہی ہیں۔
اب حال ہی میں ان کے ماضی میں دیے گئے 2 مختلف انٹرویوز کے کلپ سامنے آئے ہیں جس میں اداکار اپنی خواہشات کا ذکر کر رہے ہیں۔
89 برس کی عمر میں انتقال کرنے والے اداکار نے 2007 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں شراب نوشی کی عادت ترک کرنے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر قابو پانے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔
دھرمیندر نے اپنے پرانے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ میں نے 8 سال قبل شراب چھوڑ دی تھی اور اس فیصلے نے میری زندگی بدل دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت شراب پیتا تھا، لیکن اب مجھے احساس ہوا ہے کہ یہ میرے بس کی بات نہیں۔ اگر آپ اپنی ظاہری شکل و صورت، اپنی طاقت اور سوچ کو بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو یہ بہت بری چیز ہے۔ یہ آپ کی شکل و صورت، آپ کی سوچ پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔
لیجنڈری اداکار کے مطابق کاش میں نے کبھی شراب کو ہاتھ نہ لگایا ہوتا۔ اگر میں نے کبھی اسے ہاتھ نہیں لگایا ہوتا تو آج میری زندگی مختلف ہوتی۔ میں ایک مختلف دھرمیندر ہوتا۔
اس کے ساتھ ہی ایک اور ویڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اداکار سلمان خان کو اپنا بیٹا قرار دیتے ہوئے اپنی بائیوپک میں انہیں کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
لیجنڈری اداکار نے 2015 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے کہا تھا کہ ’تو میرا بیٹا ہی ہے، تو مجھ پر ہی گیا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر میری زندگی پر کبھی کوئی فلم بنی تو اس میں میرا کردار سلمان خان سے بہتر اور کوئی نہیں نبھاسکتا۔ اس کی شخصیت مجھ سے ملتی جلتی ہے۔