• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ کر دیا

نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کر دیا، جرمانہ قواعد اور سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزی سمیت بجلی ترسیلی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ کرنے پر کیا گیا ہے۔  

نیپرا کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی کی طرف سے قوائد اور سیفٹی اصولوں پر عمل درآمد سمیت جھمپیر گرڈ اسٹیشن پر کام مکمل نہ کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کو شوکاز جاری کیا گیا تھا۔

بجلی ترسیلی کمپنی کو سماعت کے مواقع بھی فراہم کئے گئے کمپنی کے سندھ میں جھمپیر-II گرڈ اسٹیشن میں اہم کام ادھورے نکلے جس کے بعد ترسیلی کمپنی کو جرمانہ کیا گیا ہے اور ایک ماہ میں نامزد بینک میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیپرا نے حکم دیا کہ جھمپیر-II کے تمام کام مکمل کر کے سرٹیفیکیٹ دیں، ہدایات پر عمل نہ کرنے پر مزید جرمانے کی وارننگ بھی دی گئی۔

دوران سماعت بتایا گیا کہ اکتوبر میں دن کے مقابلے میں رات کو طلب میں 4582 میگاواٹ تک اضافہ دیکھا گیا جس کی بڑی وجہ دن کے اوقات میں سولر کا استعمال رہا۔

اکتوبر میں دن کے اوقات میں بجلی کی طلب 10ہزار 105 میگاواٹ اور رات کو 14ہزار 687 میگاواٹ تک جاتی رہی۔

واضح رہے کہ نیشنل گرڈ کمپنی کا پرانا نام این ٹی ڈی سی ہے۔

قومی خبریں سے مزید