باسکٹ بال کا 16 سالہ کھلاڑی پریکٹس کے دوران اس وقت ہلاک ہوگیا، جب باسکٹ بال کا پول اس پر آ گرا۔ اس المناک واقعے کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔
بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے روہتک میں پیش آنے والے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہاردک راتھی نامی قومی سطح کا کھلاڑی تنہا باسکٹ بال کی پریکٹس کر رہا ہے۔ کھلاڑی تھری پوائنٹ لائن، جس کے بیچوں بیچ پول نصب ہوتا ہے، سے دوڑتا ہوا، چھلانگ لگا کر باسکٹ کو چھوتا ہے۔
یوں تو باسکٹ بال کے کھلاڑی اس پریکٹس کے ذریعے اپنی اسکورنگ کی صلاحیت میں بہتری لاتے ہیں۔ تاہم جونہی کھلاڑی باسکٹ (گول) کرتا ہے، کوٹ میں نصب بظاہر مضبوط دکھائی دینے والا پول اس کے اوپر گرجاتا ہے۔
کورٹس سے باہر موجود چند افراد فوری طور پر مدد کے لیے پہنچتے ہیں مگر نوجوان کھلاڑی کی جان بچانے میں ناکام رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہاردک راتھی کو بھارتی قومی ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا تھا، انہوں نے حال ہی میں وہ تربیتی کیمپ سے واپس آئے تھے۔
پولیس کے مطابق ہاردک کا پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔