• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آئیڈل: گھر کی کفیل ایم فل طالبہ ماہم طاہر جیت کیلئے بے قرار

ماہم طاہر—
ماہم طاہر—

رحیم یار خان کی تحصیل خانپور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت نوجوان گلوکارہ ماہم طاہر نے اپنی سریلی آواز اور دلکش انداز سے ہر سننے والے کو متاثر کیا ہے۔

بچپن میں والد کا سایہ سر سے اُٹھ گیا، مگر انہوں نے ہمت، حوصلے اور لگن کا دامن کبھی نہیں چھوڑا، آج یہی آواز ان کی پہچان اور طاقت بن چکی ہے۔

ایم فل کی طالبہ ماہم طاہر نے مختلف کنسرٹس میں پرفارم کر کے ناصرف داد سمیٹی بلکہ اپنے فن کے ذریعے آمدن بھی حاصل کی۔

والد کے انتقال کے بعد گھر کی ذمے داری ماہم اور ان کی والدہ کے کاندھوں پر آ گئی، محدود تنخواہ اور کم آمدن کے باوجود انہوں نے تعلیم اور خوابوں سے سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا۔

ماہم طاہرنے حالات کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا، انہوں نے نعت اور عارفانہ کلام کو اپنا اظہارِ فن بنایا اور بغیر کسی استاد کے خداداد صلاحیت کے ساتھ ریاض جاری رکھا، صوفیانہ گائیکی کو اپنا راستہ بنایا اور عابدہ پروین کو اپنا روحانی استاد مانتے ہوئے اپنے انداز کو مسلسل نکھارا۔

ماہم طاہر صرف ایک گلوکارہ نہیں بلکہ حوصلے، خودداری اور لگن کی مضبوط مثال ہیں، ان کی کامیابی ہر اُس لڑکی کے لیے پیغام ہے جو حالات سے گھبراتی نہیں بلکہ اُن کا سامنا کرتی ہے اور جیت جاتی ہے۔

ماہم نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گیت گانے کا شوق تھا، نعت خوانی بھی کرتی تھی، والد کو نعتیں سناتی تھی جنہیں وہ بہت پسند کرتے تھے، خوشی نصیبی ہے کہ میں چھوٹے سے شہر سے میں نکل کر ’پاکستان آئیڈل‘ کے بڑے اسٹیج تک آ گئی ہوں اور اپنے شہر، گھر اور اساتذہ کی نمائندگی کر رہی ہوں۔

دوسری طرف ماہم کے بھائی اور والدہ دونوں ماہم کی کامیابی پر بے حد فخر کا اظہار کرتے ہیں، ’پاکستان آئیڈل‘ جیسے بڑے پلیٹ فارم پر ماہم طاہر ہر نئے گیت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور سننے والوں کے دل جیت رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید