’پاکستان آئیڈل 2025ء‘ کے دلچسپ ’گالہ راؤنڈ‘ میں مقابلے جاری ہیں، جہاں ججز نے ہزاروں اُمیدواروں میں سے ٹاپ 16 گلوکاروں کا انتخاب کیا ہے۔
منتخب ابھرتے فنکاروں میں ڈیرہ غازی خان کے نبیل عباس خان بھی شامل ہیں جن کی واپسی پر اُن کے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
نبیل عباس ایک ماہ تک پاکستان آئیڈل میں شاندار پرفارمنس دینے کے بعد جب اپنے آبائی شہر پہنچے تو دوستوں، اہلِ خانہ اور علاقے کے لوگوں نے گرم جوشی سے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے نبیل نے بتایا کہ وہ اپنے شہر میں رئیل اسٹیٹ کا کام کرتے ہیں اور دوستوں کی محفل میں گنگنانے کی وجہ سے انہیں گانے کا شوق پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش تھی کہ کبھی زندگی نے موقع دیا تو ’پاکستان آئیڈل‘ ضرور جاؤں گا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس قدر پزیرائی ملے گی، میری سلیکشن مکمل میرٹ پر ہوئی ہے اور اسی وجہ سے مجھ جیسے عام انسان کو میوزک کے سب سے بڑے اسٹیج پر آنے کا موقع ملا۔
نبیل نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان آئیڈل جیسا پلیٹ فارم نہ ہوتا تو مجھ جیسے باصلاحیت نوجوان سامنے نہیں آ سکتے تھے۔
دوسری جانب نبیل کے دوست بھی خوشی سے نہال ہیں اور فخر محسوس کر رہے ہیں کہ اُن کا ساتھی ناصرف ٹاپ 16 تک پہنچا ہے بلکہ اپنے شہر کا نام بھی روشن کر رہا ہے۔