• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا: گزشتہ 20 برسوں میں امراض قلب کے مریضوں میں 4 گنا اضافہ

علامتی امیج (تصویر سوشل میڈیا)۔
علامتی امیج (تصویر سوشل میڈیا)۔

کوریا کے ماہرین صحت کے مطابق گزشتہ 20 برسوں میں امراض قلب کے مریضوں کی تعداد چار گنا بڑھ گئی ہے اور ہر 4 میں سے ایک شخص 80 سال یا اس سے زیادہ عمر میں اس بیماری سے متاثر ہے۔ 

جنوبی کوریا جو کہ ایک زیادہ عمر والے افراد پر مبنی معاشرہ ہے وہاں طویل العمری کے حوالے سے ہارٹ فیل ہونا ایک اہم اور سنگین مسئلے کے طور پر سامنے آیا ہے۔  

کورین ہارٹ فیلیئر سوسائٹی کے ہارٹ فیلیئر فیک شیٹ 2025 کے مطابق گھروں میں ہارٹ فیل کی شرح جو  2002 میں 0.77 فیصد تھی وہ 2023 میں بڑھ کر  3.41 فیصد ہوگئی جو کہ 20 برس میں 4 گنا اضافہ ہے۔ بیماری کا یہ پھیلاؤ ان افراد میں  6.3 فیصد ہے جو اپنے 60 کے پیٹھے میں ہیں، 12.9 فیصد 70 والوں میں  اور  26.5 فیصد ان افراد میں ہے جو  80 یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں۔  

واضح رہے کہ ہارٹ فیل اس کیفیت کو کہتے ہیں جب دل پورے جسم میں مناسب مقدار میں خون پمپ کرنے میں ناکام رہے۔ 

کانگ ڈونگ کیونگھی یونیورسٹی اسپتال سیول کے شعبہ کارڈیوویسکیولر میڈیسن کے پروفیسر ہوانگ ہی جنگ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونری شریانوں کی بیماری، دل کے دورے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیاں، طویل عرصے تک بے قابو رہنے والا ہائی بلڈ پریشر، دل کے والوز کی بیماریاں، کارڈیو مایوپیتھی اور اریتھمیا جیسی حالت دل کے سکڑنے کی صلاحیت کو کم کر سکتی ہے اور اس کی وجہ سے دل کی معمول کی ساخت متاثر ہوتی ہے، نتیجتاً جسم میں دوران خون کا نظام متاثر اور ہارٹ فیل ہوتا ہے۔

پروفیسر ہوانگ ہی جنگ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو موسم سرما میں خصوصاً احتیاط برتنی چاہیے، کیونکہ ٹھنڈا موسم ہارٹ فیل کو مزید خطرناک بنا سکتا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ سرد ہوا لگنے سے خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں، جس سے بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور دل کو زیادہ زور لگا کر پمپ کرنا پڑتا ہے۔ یہ اضافی دباؤ کمزور دل کے مریضوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے، جبکہ نزلہ، زکام یا نمونیا جیسی سانس کی بیماریاں بھی ہارٹ فیلیئر کو مزید خراب کر سکتی ہیں، جو بالآخر اسپتال میں داخلے یا موت کا سبب بن سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہلکی سی محنت پر سانس پھول جانا، لیٹتے وقت سانس لینے میں دشواری، ٹانگوں یا پیروں میں سوجن اور اچانک وزن میں اضافہ ہارٹ فیل کی علامات ہو سکتے ہیں۔

صحت سے مزید